مختلف مذاہب کے درمیان مکالمہ، رابطوں کی مضبوطی وقت کی ضرورت ہے :طاہر اشرفی

لندن (مشرق نیوز) چیئرمین پاکستان علماءکونسل اور کوآرڈینیٹر قومی پیغامِ امن کمیٹی طاہر اشرفی نے سابق آرچ بشپ آف کینٹربری جسٹن ویلبی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں موجودہ عالمی صورتحال، بالخصوص دنیا میں قیام امن، بین المذاہب ہم آہنگی، مختلف مذاہب کے قائدین کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے اور انتہاپسندی و دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مذہبی قائدین کے عملی کردار اور مشترکہ کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ عالمی حالات میں دنیا کے اہم مذہبی قائدین اور مختلف مذاہب کی موثر قیادت کو عالمی امن کیلئے یکجا ہونا چاہیے اس مقصد کیلئے ابتدائی طور پر باہمی رابطوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ امن، مکالمے، رواداری اور باہمی احترام کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔سابق آرچ بشپ آف کینٹربری جسٹن ویلبی نے پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عالمی اور علاقائی امن کیلئے کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص موجودہ صورتحال میں امریکہ، ایران اور عرب و اسلامی ممالک کے درمیان کشیدگی اور جنگ کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا کو امن کی اشد ضرورت ہے اور پاکستان اس سلسلے میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔جسٹن ویلبی نے پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی، مکالمے، رواداری اور امن کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو Hubert Walter Award for Reconciliation and Interfaith Cooperation 2026 ملنے پر مبارکباد دی۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں مختلف مذاہب کے قائدین کے درمیان مکالمہ اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ مذہبی مقدسات کے احترام، مذہبی منافرت و انتہاپسندی کے خاتمے، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد اور پائیدار عالمی امن کے قیام کیلئے مذہبی قیادت کو موثر اور عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔