ایران نے امریکہ کو 7روز میں آبنائے ہرمز کھولنے کی پیشکش کردی

تہران، واشنگٹن، نیویارک (بیورو رپورٹ) جاپانی خبررساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے امریکہ کی جانب سے فوجی دباو میں کمی لائی جائے تو آبنائے ہرمز کو 7روز کے اندر دوبارہ کھولا جاسکتا ہے،اعلیٰ ایرانی حکومتی عہدیدار نے آبنائے ہرمز کھولنے کی تجویز ثالث ممالک کے ذریعے باضابطہ طور پر واشنگٹن تک پہنچادی،پیشکش میں مستقل جنگ بندی کےلئے مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے پر بھی زور دیا گیا ،خبر ایجنسی کے مطابق تجویز کی منظوری سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اور سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے دی ،پیشکش تہران کی اعلیٰ ترین سطح کی پالیسی کا حصہ ہے،دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ایران اب بھی حالت جنگ میں ہے، طاقت کا جواب طاقت سے دےاجائےگا،ایرانی میزائل کہیں بھی ہدف کو نشانہ بنا سکتے ہیں،دشمن کو ہر محاذ پر بے بس کر دیا،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی طاقت ایران پر مسلط نہیں کرسکتے، ایران امریکی دباو کے سامنے مضبوطی سے ڈٹا ہے، معاشی، عسکری و سفارتی دباو کے باوجود ہتھیار نہیں ڈالیں گے،مغربی و یورپی ممالک فلسطین، غزہ، لبنان اور ایران معاملے پر خاموش رہے، مغرب ایران میں کسی ایک شخص کو مسئلہ درپیش ہونے پر انسانی حقوق کا شور مچاتا ہے،اقوام متحدہ عالمی امن و سلامتی برقرار رکھنے میں ناکام ،ادارے پر اعتماد ختم ،بحالی ناگزیر ہے،ادھر اقوام متحدہ نے امریکہ ،ایران کے درمیان جاری جنگ ختم کرانے کی کوششوں میں پاکستان کےساتھ رابطے کی تصدیق کردی ،سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہا معاملے پر پاکستانی حکام سے رابطہ کیا ،جون میں امریکہ ،ایران کے درمیان طے پانے والے اسلام آباد مفاہمتی معاہدے میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اہم کامیابی قرار دیا،تنازع کے حل کیلئے سفارت کاری اور بات چیت کا راستہ اختیار کیا جائے،دریں اثنا امریکی حکومت نے ایران جنگ سے متاثرہ خلیجی ممالک میںتوانائی کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی کےلئے 5 ارب ڈالر کے نئے فنڈ کی تجویز دےدی،وال سٹریٹ جرنل کے مطابق منصوبہ سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات سمیت کئی مشرق وسطیٰ کے ممالک کےساتھ زیر بحث ہے،مجوزہ فنڈ کا مقصد جنگ میں تباہ ہونےوالی تیل و گیس کی پائپ لائنوں ،ریفائنریوں کی تعمیر نو کےساتھ خلیجی ممالک کو تیل و گیس کی ترسیل کےلئے آبنائے ہرمز پر انحصار کم کرنے میں مدد دینا ہے۔