پاک بحریہ کابحیرہ عرب میں بڑا آپریشن، 75کروڑ ڈالرز کی منشیات ضبط


راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاک بحریہ کابحیرہ عرب میں بڑا آپریشن، 75کروڑ ڈالرز کی منشیات ضبط کرلی۔

آئی ایس پی آرکے مطابق بحیرہ عرب میں پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک نے آپریشن کیا اور 2800کلو سے زائد منشیات ضبط کر لیں،ضبط کی گئی منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 750ملین ڈالرز ہے،کامیاب آپریشن پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک کے عملے کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے واضح کیا گیا پاک بحریہ سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کےلئے ہمہ وقت تیار اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کےلئے پرعزم ہے۔

دریں اثنا صدر،وزیراعظم ،وزیر داخلہ نے پاکستان نیوی کے افسروں ،عملے کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی ،نگرانی کو سراہتے ہوئے کہا منشیات کی سمگلنگ کےخلاف پاکستان نیوی کی کارروائیاں قابل تحسین ،سمندری حدود کی حفاظت اور سمندر کے ذریعے غیر قانونی سمگلنگ کی روک تھام کےلئے پاکستان نیوی کا کردار اہم ہے۔