پاکستان شراکت داری میں امداد سے تجارت پر منتقل ہو رہا ہے، وزیر خزانہ


بینکاک:(مشرق نیوز)وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہا ہے پاکستان دیگر ممالک کےساتھ شراکت داری میں امداد سے تجارت پر منتقل ہو رہا ہے۔

سٹی میکرو فورم کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر اورنگزیب نے کہاپاکستان مسلسل 3 سال سے بنیادی مالیاتی سرپلس حاصل کر رہا ہے، مالیاتی خسارہ 22 سال کی کم ترین سطح پر آگیا ،رواں مالی سال معاشی شرح نمو 4 فیصد یا زیادہ رہنے کی امید ہے،اصلاحات کاسلسلہ جاری رہے گا۔

دریں اثنا سینیٹر اورنگزیب نے ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کی صدر زو جیائی سے ملاقات کی، انفراسٹرکچر فنانسنگ ، معاشی استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات کے دوران بجلی ترسیل کے نظام ،ریلوے کی جدیدکاری کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا،ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے رواں سال کے اختتام سے قبل بجلی ترسیل کے منصوبے کی منظوری دینے کا ہدف مقرر کیا۔