کوئٹہ ،راولپنڈی،اسلام آباد،خضدار:(بیورورپورٹ)بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ،سکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے8دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق 17اکتوبر کو پنج پائی میں دہشت گردوں کی سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دی،کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم5دہشت گرد ہلاک ،ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا،شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید2دہشتگرد مارے گئے،اسلحہ ، گولہ بارود بھی برآمدکرلیا۔
خضدار میں آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا،ایک دہشت گرد مارا گیا، آپریشن کے دوران 490کلودھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا،صدر،وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کےلئے پر عزم ہیں ،پوری قومی سکیورٹی فورسز کےساتھ ہے۔
دریں اثنا ضلع خضدار کے دور دراز علاقے نال میں مسلح افراد نے ماربل فیکٹری پر حملہ کر کے 18مزدوروں کو اغوا کر لیا،حملہ آور فیکٹری سے 2گاڑیاں اور لوڈر بھی ساتھ لے گئے،سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
بلوچستان ،فتنہ الہندوستان کے 8دہشتگرد ہلاک،ماربل فیکٹری کے 18مزدور اغوا



















