لاہور (مشرق نیوز) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا ہے کہ ایسے عناصر قابل مذمت ہیں جو قومی سانحوں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردعمل میں عظمیٰ بخاری نے ان لوگوں کی مذمت کی ہے جو دہشت گردی کے واقعہ پر سیاست کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن عناصر کو ماضی میں ہزارہ کے شہیدوں کی لاشیں بلیک میل کرتی تھیں، وہ آج خاموش رہیں جو لوگ دہشت گردی کے شہداءاور انکے اہل خانہ کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کرتے ہیں، انہیں خاموش رہنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ ایک جنگ ہے جسے یہ قوم پہلے بھی جیت چکی ہے اور اب بھی کامیابی حاصل کرے گی، جو لوگ افغانستان کے غم میں گھلتے ہیں اور دہشت گردوں کو دہشت گرد کہنے سے گریز کرتے ہیں، وہ پنجاب اور عوام کی خوشیوں سے اپنی کالی سیاست دور رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد چاہتے ہیں کہ کھیلوں کے میدان ویران ہوں اور عوام خوف و پریشانی میں مبتلا رہیں لیکن ایسا ہرگز نہیں ہوگا، ہم فتنہ الخوارج اور ان جیسے ان کے پیروکاروں سے ڈٹ کر لڑیں گے اور انہیں ہر محاذ پر شکست دیں گے۔
دہشت گردی پر سیاست قابل مذمت، فتنہ الخوارج سے ڈٹ کر لڑینگے: عظمیٰ بخاری



















