لاہور: (نمائندہ خصوصی،اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے رمضان کے دوران کسی کو گراں فروشی کی اجازت نہیں دی جائے گی ،قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد کرائیں گے۔
ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہاوزیراعلیٰ پنجاب کے وعدے کے مطابق مستحق افراد کوحق دہلیز پر فراہم کیا جا رہا ہے، نگہبان رمضان پیکیج کے تحت 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو فی خاندان 10 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں،10 مارچ تک تمام مستحق خاندانوں کو کارڈز کی ترسیل مکمل کر دی جائےگی ،کارڈ پر کوئی چارجز نہ ہی کسی قسم کا پن کوڈ رکھا گیا ،ہر تحصیل میں “مریم کے مہمان دسترخوان” کے تحت روزانہ 2 ہزار افراد کو افطاری کرائی جائے گی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کوئی مستحق خاندان رہ جائے توہیلپ لائن نمبر 1000 پر رابطہ کر سکتا ہے، پنجاب حکومت قوانین پر عملدرآمد کرانا جانتی ہے ، رمضان میں گراں فروشی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،جیل میں عمران خان کا مکمل خیال ،روزانہ طبی معائنہ ،مناسب خوراک فراہم کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پنجاب انسداد منشیات فورس کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، ڈی جی انسداد منشیات فورس بریگیڈیئر مظہر اقبال نے فورس کی کارکردگی و منصوبہ بندی پر تفصیلی بریفنگ دی،سیکرٹری انفارمیشن سید طاہر رضا ہمدانی ،سیکرٹری ایکسائز اینڈ نارکوٹکس مسعود مختار بھی موجود تھے۔
عظمیٰ بخاری نے پنجاب انسداد منشیات فورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا یونیورسٹیوں ،کالجز میں انسداد منشیات کے پروگرام منعقد کیے جائیں تاکہ طلبہ کو منشیات کے خطرات سے آگاہ کیا جا سکے،انسداد منشیات پرآگاہی مہم سوشل میڈیا پر بھی چلائی جائے، طلبہ کو منشیات جیسی لعنت سے بچانا اجتماعی ذمہ داری،پنجاب کو منشیات سے پاک کرنا مریم نواز کا مشن ،مقصد کےلئے پنجاب انسداد منشیات فورس کا کردار قابل ستائش ہے۔
رمضان میں گراں فروشی کی اجازت نہیں دینگے،عظمیٰ بخاری



















