پشاور:(بیورورپورٹ)وفاق ،کے پی دہشتگردی کیخلاف متحد،یکساں موقف یقینی بنانے کافیصلہ،پی ایس ایل 2026 کے میچز پشاور میں بھی کرانے کا اعلان کر دیا۔
خیبر پختونخوا کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس کور ہیڈکوارٹر پشاور میں ہوا، وفاقی وزیر داخلہ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، مشیر قومی سلامتی ،کور کمانڈر پشاور ،اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران دہشتگردی واقعات میں شہید ہونےوالے شہریوں ، سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا پشاور میں رواں سال پی ایس ایل کے میچز کرائے جائیں گے، ملاکنڈ ڈویژن میں صوبائی حکومت کے نظم و نسق کو فوری طور پر صوبائی پولیس و دیگر اداروں کی زیر نگرانی ماڈل کے طور پر نافذ کیا جائے گا بعد ازاں کامیاب ماڈل کو خیبر پختونخوا کے متاثرہ اضلاع بالخصوص خیبر، اورکزئی اور کرم میں مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا،اضلاع میں شروع کیے جانے والے تمام ترقیاتی منصوبوں کی موثر نگرانی ،کسی بھی قسم کی عسکری کارروائیوں کا جائزہ لینے کےلئے وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں خصوصی ذیلی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو ماہانہ بنیادوں پر جائزہ اجلاس کرے گی۔
اعلامیے کے مطابق خصوصی ذیلی کمیٹی میں منتخب عوامی نمائندگان، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری، آئی جی ،صوبائی حکام ،وفاقی اداروں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے،کمیٹی اضلاع میں گورننس و ترقی کے شعبوں میں منصوبوں کی نگرانی کے علاوہ مقامی آبادی کی مستقل آمدنی کو یقینی بنانے کےلئے متبادل روزگار کی فراہمی کے مواقع پیدا کرے گی،عارضی طور پر بے گھر افراد کے مسائل کے حل کےلئے موثر انتظامات کیے جائیں گے۔
وفاق ،خیبر پختونخوا کے درمیان موثر رابطوں کے ذریعے دہشتگردی جیسے مسئلے سے نمٹنے کےلئے اہم پالیسی امور پر مکمل ہم آہنگی ، یکساں موقف کو یقینی بنایا جائے گا، نوجوانوں میں شدت پسندانہ سوچ کی روک تھام ، مثبت سوچ کے فروغ کےلئے پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
اجلاس میں غیر قانونی سم کارڈز، دھماکہ خیز مواد اور بھتہ خوری جیسی غیر قانونی سرگرمیوں کےخلاف سخت اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا،نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی مرحلہ وار پروفائلنگ پر بھی توجہ دی جائے گی۔
وفاق ،کے پی دہشتگردی کیخلاف متحد،یکساں موقف یقینی بنانے کا فیصلہ



















