اسلام آباد،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ کے حکم پر طویل ملاقات،فرینڈ آف دی کورٹ بیرسٹر سلمان صفدر نے عمران خان کو صحت مند قراردے دیا۔
سپریم کورٹ کے مقرر کردہ فرینڈ آف کورٹ سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی،3گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والی ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا،ملاقات کے بعد مختصر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاعمرا ن خان تک مکمل رسائی دی گئی ،بانی پی ٹی آئی کی صحت اچھی ،ملاقات کے دوران خود بخود متحرک نظر آئے،دیکھ لیں3گھنٹے بعد باہر آیا ہوں،سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرانے تک زیادہ کچھ کہنا مناسب نہیں۔
قبل ازیں عمران خان کےخلاف دائر توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 2رکنی بنچ نے کی، سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کرتے ہوئے اڈیالہ جیل میں عمران خان کی بیرک تک رسائی کی اجازت دی۔
سپریم کورٹ نے سلمان صفدر کو ہدایت دی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں حالت زار اور دستیاب سہولیات پرتحریری رپورٹ دیں،بعد ازاں عدالت نے سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ،عدالتی نظام کاامتحان ہے،ججوں کو اب ہمت کرنی چاہیے،اڑھائی سال سے غیریقینی صورتحال میں ہیں،چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتے ہیں،انصاف ملنا بانی پی ٹی آئی کا حق ہے ۔
عدالتی حکم پر ملاقات،سلمان صفدر نے عمران خان کو صحت مند قراردے دیا



















