غزہ میں جنگ بندی کی حمایت پر کام چھین لیا گیا: ہالی وڈ اداکارہ کیٹ بیکنسیل

لاس اینجلس (مشرق نیوز) اداکارہ کیٹ بیکنسیل نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کی حمایت کرنے والی ایک سوشل میڈیا پوسٹ لائیک کرنے پر ان کو ان کی ایجنٹ نے کام سے فارغ کر دیا اور انہوں نے بعدازاں جب ساتھی اداکار مارک روفالو سے اس معاملے پر نجی طور پر بات کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

انہوں نے یہ الزام انسٹاگرام پر کئے گئے مختلف تبصروں میں عائد کیا، جو بعد میں حذف کر دیے گئے، تاہم اس سے قبل یہ ایک پروموشنل ویڈیو کے نیچے دکھائی دے رہے تھے جس میں 58 سالہ اداکار مارک روفالو اپنی آنے والی فلم ”فلسطین 36“ پر گفتگو کر رہے تھے۔

کیٹ بیکنسل نے کہا کہ اپنے خیالات کا آن لائن اظہار کرنا ان کی پیشہ ورانہ زندگی پر اثرانداز ہوا، یہ کیا زبردست لگتا ہو گا جب آپ کو صرف جنگ بندی سے متعلق پوسٹ کو لائیک کرنے اور بچوں کے قتل کی حمایت نہ کرنے پر آپکی ایجنٹ کام سے فارغ نہ کرے۔

فلم انڈرورلڈ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے اپنے تجربے کا موازنہ مارک روفالو کی انڈسٹری میں پوزیشن سے کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کو اس ایجنٹ نے کام سے نہیں نکالا جس نے مجھے نکالا، حالانکہ اس نے ایک ہفتہ پہلے مجھے تحفہ بھیجا تھا، اس لئے ہمارے درمیان کوئی تنازع نہیں تھا، مگر میں نے جنگ بندی کی پوسٹ لائیک کی تو مجھے اسی دن کام سے نکال دیا گیا جس دن سوزن سیرینڈن کو نکالا گیا، یعنی ہڑتال ختم ہونے کے صرف دو دن بعد، اور ہم اس سے قبل 9 ماہ تک کام نہیں کر سکے تھے۔