آئین پر مکمل عملدرآمد سے ہی جمہوریت قائم رہ سکتی ہے: صدر ، وزیراعظم

اسلام آباد: ( ) صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم دستور کے موقع پر کہا 1973 کا آئین جمہوری شناخت، وفاقی توازن اور شہری حقوق کی ضمانت ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کی قیادت میں متفقہ آئینی نظام کی بنیاد سیاسی بصیرت اور جرات مندانہ جدوجہد سے رکھی گئی۔


آصف زرداری نے کہا آئین صرف قانونی دستاویز نہیں بلکہ روزمرہ حکمرانی و اداروں کے کام کرنے کا رہنما اصول ہے جس پر مکمل عملدرآمد سے ہی جمہوریت و انصاف قائم رہ سکتے ہیں۔


شہباز شریف نے کہا 1973 کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے، وفاق پاکستان کی تمام ریاستی اکائیاں قومی یگانگت و مجموعی معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا آئینی کردار خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہی ہیں اور تابندہ مستقبل کیلئے کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں ۔