مثالی گاﺅں منصوبے کادوسرا مرحلہ منظور،30 جون تک گندے پانی کے تالابوں کی صفائی کا ہدف مقرر


لاہور:(وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں مثالی گاوں ، صاف پانی پراجیکٹ پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، واٹر فلٹریشن پلانٹ میں خرابی کے فوری ازالے کےلئے ہیلپ لائن 1336 فعال کر دی گئی۔

مریم نواز نے مثالی گاوں پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے ٹائم لائن طلب اور ہر گاوں کی پہلے اور بعد کی تقابلی ویڈیوز پیش کرنے کی ہدایت کردی، اجلاس میں بتایا گیا پنجاب کے 485 دیہات کو مثالی گاوں میں بدلنے کے مشن پرتیزی سے جاری ہے، مثالی گاوں پراجیکٹ کے فیز ون کی تکمیل پر 59 ارب سے زیادہ لاگت آئےگی، ہر گاوں میں واٹر سپلائی، سولر سسٹم ٹیوب ویل، گندے پانی کے تالابوں کی صفائی اور ڈرین وغیرہ کور کی جائیگی۔

وزیراعلیٰ نے 7500 دیہات کو دوسرے فیز میں مثالی گاوں میں بدلنے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے 30 جون تک دیہات میں گندے پانی کے تالابوں (چھپڑ)کی صفائی کا ہدف مقرر کر دیا۔

مریم نواز نے خراب واٹر فلٹریشن پلانٹ کی فوری مرمت ، بحالی ،آلودہ و خراب ترین علاقوں میں ترجیحاًپینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاپینے کے صاف پانی کی فراہمی کےلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی بحالی و مرمت میں کوتاہی برداشت نہیں،پینے کا صاف پانی پنجاب کے ہر شہری کا حق ہے، دیہات کو مثالی گاوں میں بدلنے کا عزم ہر صورت پورا کریں گے،دیہات میں بسنے والوں کو وسائل پر مساوی حق ضرور دیں گے۔