ساہیوال (بیورو رپورٹ) انوائرمنٹ فورس کی پہلی سالگرہ (فرسٹ رائزنگ ڈے) کے موقع پر کمشنر آفس ساہیوال میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں محکمہ ماحولیات کے افسران اور ان کی پوری ٹیم نے بھرپور شرکت کی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے کیک کاٹا اور انوائرمنٹ فورس کی ایک سالہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات عروشا مقبول نے بھی تقریب میں شرکت کی اور انوائرمنٹ فورس کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے فورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے مزید کہا کہ انوائرمنٹ فورس نے ماحولیاتی بہتری، صفائی ستھرائی اور شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں، جو لائقِ تحسین ہیں۔ انہوں نے ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں تاکہ عوام کو بہتر اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ سرکاری واجبات کی وصولی ریونیو افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو افسران کو چاہیے کہ سروس ڈیلیوری بہتر کریں اور عوام کے ریونیو سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ایڈیشنل کمشنر ریونیو محمد خالد، اے ڈی سی ریونیو مرحبا نعمت، اسسٹنٹ کمشنرریونیو رانا نوید، اسسٹنٹ کمشنرز ساہیوال ماہم واحد، چیچہ وطنی جاوید ممتاز لکھویرا سمیت ریونیو افسران نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید اور ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں سرکاری واجبات کی وصولی، زرعی زمین کی لیز، کمرشل زمینوں کی لیز، گھوڑی پال، نمبرداری، اپنا کھیت اپنا روزگار سمیت پلس منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ افسران ایمانداری سے کام کریں اور ٹارگٹ کے حصول پر فوکس کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی نمبرداران کے ذمہ لگائیں اور کام نہ کرنے والوں کو شوکاز نوٹسز جاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز/ڈسٹرکٹ کلیکٹرز سرکاری اراضی کے محافظ ہیں انہیں چاہیے کہ سرکاری اراضی کو استعمال میں لائیں تاکہ حکومت کی آمدن میں اضافہ ہو۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے اپنے دفتر میں ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈر پراسیس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر نے کمشنر کو جاری اور مجوزہ ترقیاتی سکیموں کے ٹینڈرز، شفافیت کے اقدامات اور قواعد و ضوابط کے مطابق پراسیس کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ٹینڈرز حکومتی پالیسی کے مطابق میرٹ اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان بھی موجود تھے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹینڈرنگ کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی یا بے ضابطگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے ساتھ ادا کریں۔ کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ساہیوال ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کر کے عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے گا۔
کمشنر آفس ساہیوال میں انوائرمنٹ فورس کی پہلی سالگرہ تقریب


















