اسلام آباد (مشرق نیوز) نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے 79 مخصوص اضلاع میں 18 مئی سے خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائیگا جو 24 مئی تک جاری رہے گی۔ نیشنل ای او سی کے مطابق مہم کے دوران ایک کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد پولیو ورکرز اس قومی مہم میں فرائض سرانجام دیں گے۔
ای او سی کا کہنا ہے کہ خصوصی انسداد پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جائیگی تاکہ وائرس کے پھیلاو کو موثر انداز میں روکا جا سکے۔ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے 10 مخصوص اضلاع میں 61 لاکھ 90 ہزار، سندھ کے 20 اضلاع میں 57 لاکھ 90 ہزار، خیبر پختونخوا کے 23 اضلاع میں 46 لاکھ 10 ہزار جبکہ بلوچستان کے 25 اضلاع میں 19 لاکھ 90 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اسلام آباد میں بھی 4 لاکھ 50 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔ نیشنل ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کا خیر مقدم کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لازمی پولیو کے قطرے پلوائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بنایا جا سکے۔
خصوصی انسداد پولیو مہم 18 مئی سے 79 اضلاع میں شروع ہوگی



















