شاہد آفریدی سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کے ”سفیر کھیل“ مقرر

کراچی:(بیورورپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کا ”سفیر کھیل“ تعینات کر دیا گیا۔

تقریب سینٹرل پولیس آفس کراچی کے علی شاہ آڈیٹوریم میں ہوئی،آئی جی جاوید عالم اوڈھو، سپورٹس بورڈ کے چیئرمین ،ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، ایس ایس پی میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز، معروف کاروباری شخصیات و دیگر معززین نے شرکت کی،تقریب میں شاہد آفریدی کو سفیر کھیل کی تقرری کی سند پیش کی گئی ،آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو اور شاہد آفریدی کے درمیان باہمی شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کہاسندھ پولیس میں کھیلوں کا فروغ ہمیشہ سے ترجیحات میں شامل رہا ،بزنس کمیونٹی کے تعاون سے خواب شرمندہ تعبیر ہوا،سپورٹس کا مقصد نوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا اور منشیات کے استعمال سے دور رکھنا ہے،رواں سال نومبر میں ملک بھر کی پولیس کو شامل کرکے سپورٹس کا بڑا میلہ سجایا جائے گا۔

شاہد آفریدی نے کہا بچپن میں سندھ پولیس کی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اور کھیلنا میرا خواب تھا،پولیس سپورٹس بورڈ کا سفیر مقرر کیے جانے پر خوشی اور اعزاز محسوس کررہا ہوں،نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کےلئے سندھ پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھوں گا۔