اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے لانگ مارچ4اکتوبر تک موخر کردیا۔
وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہاسیاسی کمیٹی میں تمام معاملات پر مشاورت کی گئی، اتفاق کیا گیامارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہو گا، جدوجہد آئین کی بحالی کےلئے ہے،لانگ مارچ روکنے کےلئے وفاقی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات تشویشناک اب نکلے توکرپٹ نظام ،جعلی حکمرانوں کا ہمیشہ کیلئے بندوبست کریں گے،خیبرپختونخوا کی باونڈری پر کیلیں گاڑھنے کا مطلب صوبے کو باقی پاکستان سے کاٹنے کی سازش ہورہی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا مسلسل بیانیہ بنایا جاتا رہا پاکستان کو بھارت نہیں باقی 3صوبوں سے خطرہ ہے ،خیبرپختونخوا کے عوام کو مسلسل دہشت گرد اور جنگلی قرار دینے کا بیانیہ چلایا گیا ،صوبے کی حدود کے اندر سڑکوں میں کیلیں گاڑھنا انتہائی خطرناک کڑی ،کیلیں جعلی نظام کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گی، ڈرنے والے نہیں،ریاستی اداروں اور حکمرانوں کو سیاست میں اتنا نہیں گرنا چاہیے ایک دوسرے سے آنکھ ملانے کے قابل نہ رہیں۔
قبل ازیں سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں اراکین نے موقف اختیار کیا 27 ستمبر کو پشاور سے اسلام آباد جانے کی صورت میں خون خرابے کا خدشہ ،وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے جلوس کو روکنے کےلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کر رکھی ہیں،سیاسی کمیٹی کے اراکین نے 27 ستمبر کا احتجاج موخر کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہاوفاق کھیل رہا ہم بھی کھیلیں گے اب وفاق کےساتھ اعصابی لڑائی لڑی جائے گی، چاہتے ہیں لوگ خود وفاق کےخلاف کھڑے ہوں،تھکنا نہیں ،تھکانا ہے۔
اندرونی کہانی کے مطابق سیاسی کمیٹی کا اجلاس شروع ہوا تو وزیراعلیٰ سمیت تمام پارٹی رہنماوں نے لانگ مارچ ،راستے کی رکاوٹوں، بالخصوص موٹروے پر موجود رکاوٹوں پرتبادلہ خیال کیا ،صوابی سے تعلق رکھنے والے رکن نے تجویز دی فی الحال مارچ کو ملتوی کر دینا چاہیے کیونکہ مختلف اپوزیشن جماعتوں کےساتھ بات چیت چل رہی ہے دیگر اپوزیشن جماعتوں کو شرکت پر آمادہ کرلیا جائے تو احتجاج کا اثر زیادہ ہوگا،تجویز پر پارٹی اجلاس میں موجود کئی دیگر اراکین نے بھی اتفاق کیا،بیرون ملک مقیم پارٹی رہنما نے تجویز دی فی الحال مارچ ملتوی کرنا ہے تو کر دیا جائے تاہم تاریخ کا اعلان نہ کیا جائے،ایک رہنما نے اعتراض کیا تاریخ نہ دی تو کارکن مشتعل ہوں گے ،دیگر اراکین کی جانب سے بھی حمایت کی گئی،اتفاق کیا گیا 4 اکتوبر کو صوابی اور 5 اکتوبر کو اسلام آباد کےلئے روانگی ہوگی۔
لانگ مارچ 4اکتوبر تک موخر،جعلی حکمرانوں کا بندوبست کریں گے،سہیل آفریدی



















