الزامات مسترد،نورستان یا افغانستان میں کسی اندرونی جھڑپ سے تعلق نہیں،پاکستان


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے طالبان کے الزامات مستر د کرتے ہوئے واضح کیاہے نورستان یا افغانستان میں کسی اندرونی جھڑپ سے کوئی تعلق نہیں۔

وزارت اطلاعات نے کہاپاکستانی فورسز ،اداروں کے ملوث ہونے کا دعویٰ من گھڑت ،کوئی قابل تصدیق ثبوت نہ ہی الزامات کے حق میں افراد کی شناخت، دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک شواہد فراہم کیے گئے، سوشل میڈیا پر گردش کرنےوالی مبینہ ویڈیو بھی پاکستان سے کسی تعلق کو ثابت نہیں کرتی۔

اپنے بیان میں،وزارت اطلاعات نے کہا اقوام متحدہ کی مسلسل رپورٹس افغانستان میں مختلف دہشتگرد تنظیموں کی موجودگی ، سرگرمیوں کی نشاندہی کرتی رہی ہیں، افغان سرزمین پر سرگرم دہشت گرد گروہ پاکستان ،خطے کی سلامتی کےلئے خطرہ ہیں،دہشتگردوں کو پناہ دینے والی طالبان حکومت کی جانب سے پاکستان پر دہشتگردی کی حمایت کا الزام باعث تعجب ہے، طالبان حکومت کو داخلی سلامتی کے مسائل کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کی بجائے دہشتگرد تنظیموں کےخلاف قابل تصدیق کارروائی کرنی چاہیے،طالبان حکومت افغان سرزمین پاکستان یا کسی دوسرے ملک کےخلاف دہشتگردی کےلئے استعمال نہ ہونے دینے کا وعدہ پورا کرے۔