لاہور:(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوا ز نے سٹروک ڈے پر پانچ ارب روپے کے اضافی فنڈز دینے، ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر سٹروک سنٹر، کارڈیک، پیڈیاٹرک سنٹر اور کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان کیا ہے۔جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہارٹ ٹرانسپلانٹ سرجری جلد شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ورلڈ سٹروک ڈے کی مناسبت سے پنز میں منعقدہ تقریب میں خصوصی شرکت کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنز آئی سی یو اور کنٹرول روم کا دورہ کیا اور آپریشن تھیٹرکی گیلری سے نیوروسرجریز کا مشاہدہ کیا۔ پنزنیورالوجی کے انچارج ڈاکٹر قاسم بشیراور پنز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آصف بشیر نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں 40 سٹروک سنٹر بشمول 38 پرائمری سٹروک سنٹر اور 2 مکمل سٹروک سنٹر بن چکے ہیں۔ پنجاب میں 26 لاکھ ڈائیلسز اور 2400 کارڈیک سرجری بھی کی جاچکی ہے۔
مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فالج کے کسی مریض کا علاج فنڈز کی کمی کی وجہ سے نہیں رکنے دیں گے۔ فالج کے مریضوں کے علاج کیلئے درکار فنڈز کی ضرورت کے بارے میں براہ راست مجھے بتایا جائے۔پنجاب میں کروڑوں لوگ بہتر معیار زندگی اور روزگار کیلئے دوسرے صوبوں سے بھی آتے ہیں۔ پنجاب میں کروڑوں لوگ تعلیم اور صحت کیلئے حکومت کے منتظر ہوتے ہیں۔ لوگوں کی بھلائی اور بہتری کیلئے اختیار ملنا اللہ تعالیٰ کا انعام ہے۔پنز جیسے ادارے کی سربراہی خوش قسمتی ہے، ایک دستخط سے آپ لوگوں کا بھلا کر سکتے ہیں۔ فالج کی علامات کو نظر انداز کرنا قطعی طور پر مناسب نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا آئی سی یو میں مریضوں کے علاج اور بحالی کی کاوشوں سے دل خوش ہوا۔فالج کے مریض سے صرف ایک شخص ہی نہیں پوری فیملی متاثر ہوتی ہے۔ 40پرائمری سٹروک سنٹر آپریشنل ہوچکے ہیں، 15 مزید بنیں گے،ہر ڈویژن میں پیڈیاٹرک سنٹر بنائیں گے تاکہ بچوں کی تکلیف صورت میں والدین کو لاہور نہ آنا پڑے۔ کڈنی لیورآرگن ٹرانسپلانٹ جیسی مہنگی سرجری سے ہزاروں لوگ مستفید ہوچکے ہیں۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر علی حسام کی ملاقات کی۔ اس موقع پر تاجر برادری کی فلاح و بہبود اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال،پنجاب میں انڈسٹریلائزیشن کے فروغ پربھی گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ نے لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر منتخب ہونے پر علی حسام کو مبارکباددیتے ہوئے چیمبرکے وفد کو قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے، انڈسٹریلائزیشن کیلئے سرخ فیتے کی رکاوٹوں کو دور کررہے ہیں ۔پنجاب کو بزنس فرینڈلی صوبہ بنانے کیلئے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے، تاجر، صنعت کار اور سرمایہ داروں کی آسانی کیلئے ای بز متعارف کرایا ہے۔ تاجررہنماﺅں نے صوبے میں امن وامان کے قیام کیلئے کاوشوں کو سراہا، وزیراعلیٰ مریم نواز اور ان کی ٹیم پنجاب میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے پنڈی بھٹیاں کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔
وزیراعلیٰ مریم نوا ز کا سٹروک ڈے پر 5ارب کے اضافی فنڈز دینے کا اعلان


















