امریکہ ، پولٹری فارمز میں ایچ فائیو این ون برڈ فلو کیسوں میں تیزی سے اضافہ

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکہ بھر کے پولٹری فارمز میں ایچ فائیو این ون برڈ فلو کے کیسوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ تازہ ترین وفاقی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران 13 لاکھ 20 ہزار پرندے اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ریاست الینوائے کی کلنٹن کاونٹی میں اس وائرس کا سب سے بڑا پھیلاو ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں 9 لاکھ 34 ہزار 600 مرغیوں کے بیمار ہونے کی اطلاع ہے۔

اسکے علاوہ ریاستوں مینی سوٹا، وسکونسن اور نارتھ ڈکوٹا میں بھی برڈ فلو کے بڑے پیمانے پر پھیلاو کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ امریکی محکمہ زراعت کے ٹریکر کے مطابق مینی سوٹا کی روزو کاونٹی میں ایک ٹرکی فارم کے 57 ہزار پرندے متاثر ہوئے ہیں جبکہ نارتھ ڈکوٹا کے ایک فارم میں 60 ہزار 600 اور وسکونسن کے ایک پولٹری فارم میں 41 ہزار 400 پرندے اس وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

ماضی میں انڈے دینے والی مرغیوں کے فارمز میں برڈ فلو کے پھیلاو کے باعث بڑی تعداد میں متاثرہ پرندوں کو تلف کرنا پڑا تھا جس کے نتیجے میں امریکہ میں انڈوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔ برڈ فلو صرف پولٹری فارمز تک محدود نہیں رہا بلکہ اس وائرس کے باعث فارم ورکرز اور متاثرہ جانوروں کے رابطے میں آنے والے بعض افراد کی ہلاکتیں بھی رپورٹ ہو چکی ہیں۔