اسلام آباد:(بیورورپورٹ)مشیر وزیراعظم ہارون اختر نے کہاہے طویل مشاورت کے بعد نئی آٹو پالیسی کی منظوری دی گئی ،گاڑیوں کی قیمتوں میں بتدریج کمی،برآمدی اہداف پورے نہ کرنے والے مینوفیکچررز کو جرمانہ ہوگا،آٹو سیکٹر کی برآمدات 20 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 6 ارب ڈالر تک لےجانے کا ہدف مقرر کردیا۔
وزیر اطلاعات عطاتارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم ہارون اختر نے کہا بڑی صنعتوں کی ترقی حکومتی ترجیحات میں شامل ،آٹو انڈسٹری لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،10 سال سے آٹو سیکٹر کےلئے پالیسیاں بنائی جا رہی تھیں لیکن برآمدات میں اضافہ نہیں ہو سکااب برآمدات پر مبنی پالیسی کی تیاری میں بہت محنت شامل ہے،نئی آٹو پالیسی میں گاڑیوں کی برآمدات کو خصوصی ترجیح دی گئی ،آٹو سیکٹر کی برآمدات کو موجودہ 20 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 6 ارب ڈالر تک پہنچائیں گے،برآمدی اہداف پورے نہ کرنے والے مینوفیکچررز پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
ہارون اختر نے کہانئی آٹو پالیسی سے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی آئے گی، فائدہ بالخصوص متوسط ،اعلیٰ آمدنی والے طبقے کو ہوگا،نئی پالیسی کے تحت کوئی بھی کمپنی خریداروں سے گاڑی کی قیمت کا 20 فیصد سے زیادہ ایڈوانس وصول نہیں کر سکے گی،گاڑیوں کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر بہتر بنانے کےلئے 45 اضافی سٹینڈرڈز شامل کیے گئے ہیں، پاکستان میں تیار ہونےوالی گاڑیوں کا شمار بہترین گاڑیوں میں ہوگا،حکومت الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ خطے میں حالیہ کشیدگی کے بعد الیکٹرک وہیکلز کی اہمیت مزید بڑھ گئی ،الیکٹرک گاڑیوں کی فنانسنگ حد 20 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ کر دی تاکہ گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے،الیکٹرک گاڑیوں کےلئے چارجنگ سٹیشنز پر درآمدی ڈیوٹیز میں بھی کمی کی گئی ،نئی آٹو پالیسی کے ذریعے گاڑیوں کے معیار میں بہتری، قیمتوں میں کمی، الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ ،برآمدات میں اضافے کے اہداف حاصل کیے جائیں گے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہاعام آدمی کی گاڑی میں وہ سہولیات فراہم نہیں کی گئیں جو بیرون ملک شہریوں کو دستیاب ہیں، الیکٹرک گاڑیوں ،سکوٹیز کا استعمال تیزی سے بڑھناماحولیاتی آلودگی میں کمی کےلئے مثبت پیش رفت ہے،الیکٹرک سکوٹی کے استعمال ، الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے فضا میں کاربن کی مقدار کم کرنے میں مدد ،ماحول کو فائدہ پہنچے گا،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی ہو رہی ہے۔
نئی آٹو پالیسی ،گاڑیاں سستی، اہداف پورے نہ کرنےوالے مینوفیکچررز کو جرمانہ
















