سٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی، چھوٹے سرمایہ کار منافع سے محروم، بڑے اداروں کا پلڑا بھاری

لاہور (نعیم جاوید) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حالیہ مہینوں کے دوران ریکارڈ ساز تیزی اور کے ایس ای 100 انڈیکس کی ایک لاکھ 80 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرنے کے باوجود عام اور چھوٹے سرمایہ کار اس تیزی کے ثمرات سے محروم دکھائی دیتے ہیں۔ مارکیٹ میں حصص کی قیمتوں میں اضافے کا زیادہ فائدہ بڑے ادارہ جاتی سرمایہ کاروں، میوچل فنڈز، انشورنس کمپنیوں اور بڑے سرمایہ کاروں کو پہنچ رہا ہے جبکہ لاہور سمیت ملک بھر کے چھوٹے سرمایہ کاروں کی ایک بڑی تعداد یا تو خاطر خواہ منافع حاصل نہیں کر سکی یا نقصان کا سامنا کر رہی ہے۔ رواں سال کے آغاز میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے انڈیکس نے ایک لاکھ 91 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد شدید اتار چڑھاو کا سامنا کیا، تاہم نومبر میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی، جغرافیائی کشیدگی میں کمی کی امیدوں اور معاشی اشاریوں میں بہتری کے باعث مارکیٹ نے دوبارہ ایک لاکھ 80 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر لی۔ فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے دس ماہ میں تقریباً دو لاکھ 19 ہزار نئے سرمایہ کار مارکیٹ میں شامل ہوئے، جس کے بعد مجموعی سرمایہ کاروں کی تعداد چھ لاکھ 83 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق انڈیکس میں اضافے کا بڑا حصہ بینکنگ، کھاد، سیمنٹ اور توانائی کے شعبوں کی بڑی اور مستحکم کمپنیوں کے حصص میں خریداری کے باعث سامنے آیا ہے۔ ان کمپنیوں کے حصص میں بڑے ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری زیادہ ہونے کے باعث مارکیٹ کی مجموعی تیزی کا نمایاں مالی فائدہ بھی انہی حلقوں کو پہنچ رہا ہے، جبکہ محدود سرمایہ رکھنے والے افراد اس دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیںلاہور کے مختلف بروکریج ہاوسز سے وابستہ چھوٹے سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ انڈیکس میں روزانہ اضافہ ہونے کے باوجود ان کے زیرملکیت حصص کی قیمتوں میں اسی تناسب سے بہتری نہیں آ رہی۔ متعدد سرمایہ کار کم قیمت والے حصص میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، لیکن ایسے حصص میں بعض اوقات مارکیٹ کی مجموعی تیزی کے باوجود اضافہ نہیں ہوتا اور اچانک قیمتیں گرنے سے سرمایہ کاروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے چھوٹے سرمایہ کاروں نے شکایت کی ہے کہ انہیں مارکیٹ کی اہم معلومات، کمپنیوں کے مالیاتی نتائج اور کاروباری پیش رفت سے متعلق بروقت آگاہی نہیں ملتی، جبکہ بڑے سرمایہ کاروں کو بہتر تحقیق اور معلوماتی ذرائع تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔ نتیجتاً عام سرمایہ کار اکثر اس وقت حصص خریدتے ہیں جب قیمتیں پہلے ہی بلند ہو چکی ہوتی ہیں اور بڑے سرمایہ کار اپنا منافع حاصل کرکے مارکیٹ سے نکل رہے ہوتے ہیںمارچ میں ایک ہی روز انڈیکس میں 16 ہزار سے زائد پوائنٹس کی تاریخی کمی اور حالیہ سیشنز میں شدید اتار چڑھاو نے بھی چھوٹے سرمایہ کاروں کو متاثر کیا ہے۔ کم سرمایہ رکھنے والے افراد مارکیٹ میں اچانک مندی کے باعث گھبراہٹ میں اپنے حصص کم قیمت پر فروخت کر دیتے ہیں، جس سے ان کے نقصانات میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک چھوٹے سرمایہ کار محمد عثمان کے مطابق انڈیکس روزانہ ہزاروں پوائنٹس بڑھتا ہے لیکن چھوٹے سرمایہ کاروں کے پورٹ فولیو میں کوئی نمایاں بہتری نہیں آتی بلکہ بعض اوقات نقصان مزید بڑھ جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض بروکرز اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے مخصوص کم قیمت والے حصص کی تشہیر کی جاتی ہے، جس کے باعث عام سرمایہ کار ان حصص میں سرمایہ کاری کر بیٹھتے ہیں، تاہم قیمتیں گرنے پر انہیں نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے سرمایہ کاروں نے مارجن فنانسنگ کے بڑھتے ہوئے استعمال پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ادھار رقم سے حصص کی خریداری کے ذریعے زیادہ منافع حاصل کرنے کا لالچ دیا جاتا ہے، لیکن مارکیٹ میں معمولی مندی بھی سرمایہ کار کی جمع پونجی کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے دوسری جانب بروکریج حلقوں کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی محض قیاس آرائی کا نتیجہ نہیں بلکہ معاشی استحکام، شرح سود میں کمی اور مختلف کمپنیوں کے منافع میں اضافے سے بھی جڑی ہوئی ہے۔ بروکریج ہاو¿سز کے نمائندوں کے مطابق سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی نگرانی، جدید تجارتی نظام اور بہتر ضابطہ کاری کے باعث مارکیٹ میں شفافیت بڑھ رہی ہے۔ ان کا مو¿قف ہے کہ چھوٹے سرمایہ کاروں کو بغیر تحقیق افواہوں کی بنیاد پر حصص خریدنے اور فوری منافع کی خواہش سے گریز کرنا چاہیے ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخی تیزی ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کا مثبت اشارہ ہے، تاہم اس تیزی کے حقیقی فوائد عام شہریوں تک پہنچانے کیلئے مالیاتی آگاہی، سرمایہ کاروں کے تحفظ اور مارکیٹ میں شفافیت کو مزید بہتر بنانا ضروری ہے۔ چھوٹے سرمایہ کاروں کو مستند مالیاتی مشاورت، کمپنیوں کے بنیادی مالیاتی اعداد و شمار کے تجزیے اور طویل المدتی سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اسٹاک مارکیٹ کے ریکارڈ صرف انڈیکس کی بلندی تک محدود نہ رہیں بلکہ ان کا فائدہ عام سرمایہ کاروں کو بھی پہنچ سکے۔