لاہور (نعیم جاوید) ملک بھر میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے گھریلو صارفین، رکشہ ڈرائیوروں اور چھوٹے کاروباری طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی مقرر کردہ سرکاری قیمت تقریباً 295 روپے فی کلو ہے جبکہ کراچی، لاہور، ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں یہی گیس 550 سے 700 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سرکاری نرخ اور مارکیٹ میں وصول کی جانے والی قیمتوں کے درمیان بھاری فرق نے حکومتی قیمت کنٹرول نظام کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے اور مارکیٹ میں عدم استحکام پر قابو پانے کیلئے حکومت نے سرکاری اداروں پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او)، سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی ذیلی ایل پی جی کمپنی اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) سمیت متعلقہ اداروں کو حکومت سے حکومت اور کاروباری اداروں کے درمیان معاہدوں کی بنیاد پر بلک سپلائی کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ درآمدی گیس کی فراہمی بہتر بنانے اور قیمتوں میں شفافیت لانے میں مدد مل سکے حکومت کی جانب سے مقامی ایل پی جی کی پیداوار کا 90 فیصد حصہ شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کرنے جبکہ 10 فیصد سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کیلئے مختص کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ مجوزہ نظام کے تحت ہر کمپنی کو نیلامی میں روزانہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی خریدنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد چند بڑے سپلائرز کی اجارہ داری ختم کرنا، مارکیٹ میں مسابقت بڑھانا اور گیس کی دستیابی کو یقینی بنانا بتایا جا رہا ہے دوسری جانب قیمتوں کے تعین کے نئے طریقہ کار کے حوالے سے بھی اہم تبدیلیاں زیر بحث ہیں، جس کے تحت اوگرا کے روایتی قیمتوں کے نظام کے بجائے پی ایس او، سوئی گیس اور آئل کمپنیوں پر مشتمل کمیٹی یا نئے انتظامی نظام کے ذریعے قیمتوں اور سپلائی کے معاملات کو منظم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تاہم اس نئے طریقہ کار کے عملی نتائج اور صارفین کو ریلیف ملنے کے حوالے سے صورتحال واضح ہونا ابھی باقی ہے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق عالمی مارکیٹ سے سعودی آرامکو کے کنٹریکٹ پرائس (سی پی) کی بنیاد پر درآمد کی جانے والی ایل پی جی کی قیمت میں پریمیم، فریٹ اور دیگر اخراجات شامل کیے جائیں تو اس کی لاگت تقریباً 450 سے 500 روپے فی کلو تک پہنچ سکتی ہے۔ اس صورتحال میں درآمدی گیس کی قیمت اور مقامی پیداوار کی قیمت کے فرق کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ تاہم مارکیٹ میں 550 سے 700 روپے فی کلو تک فروخت ہونے والی گیس کی قیمتوں کے تعین اور اضافی منافع کی وجوہات کی تحقیقات ناگزیر ہیںایل پی جی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی ایک بڑی وجہ سپلائی چین میں رکاوٹیں، سرحدی بندش، محدود مسابقت اور ذخیرہ اندوزی کو قرار دیا جا رہا ہے۔ متعلقہ حکام کے مطابق بعض بڑے ڈسٹریبیوٹرز اور مارکیٹ میں اثرورسوخ رکھنے والے عناصر کی جانب سے مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ذخیرہ اندوزی کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے، جس کا براہ راست بوجھ عام صارفین پر پڑتا ہے دوسری طرف قیمتوں پر قابو پانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کارروائیوں کا زیادہ تر رخ چھوٹے دکانداروں اور پرچون فروشوں کی جانب ہونے پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی اصل سپلائی، ہول سیل نرخوں اور کوٹے کا کنٹرول بڑے پلانٹس، درآمد کنندگان اور ڈسٹریبیوٹرز کے ہاتھ میں ہے، لیکن کارروائیوں کے دوران اکثر چھوٹے دکانداروں کو جرمانوں اور مقدمات کا سامنا کرنا پڑتا ہے چھوٹے دکانداروں کا مو¿قف ہے کہ جب انہیں ہول سیل مارکیٹ سے ایل پی جی مہنگے داموں خریدنا پڑتی ہے تو سرکاری نرخوں پر فروخت کرنا ان کیلئے ممکن نہیں رہتا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو صرف پرچون سطح پر کارروائی کرنے کے بجائے سپلائی چین کے تمام مراحل کا جائزہ لینا چاہیے اور ان بڑے سپلائرز کے خلاف بھی کارروائی کرنی چاہیے جو مبینہ طور پر مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر گیس فراہم کرتے ہیںسیاسی جماعتوں، رکشہ ڈرائیوروں اور شہریوں کی جانب سے بھی اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے سے گھریلو بجٹ متاثر ہونے کے ساتھ رکشہ اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔ شہریوں کے مطابق اگر سرکاری نرخ 295 روپے فی کلو مقرر ہیں تو پھر مارکیٹ میں 550 سے 700 روپے تک فروخت ہونے والی گیس کے خلاف مو¿ثر کارروائی کیوں نہیں ہو رہی وزارت پٹرولیم کا موقف ہے کہ مقررہ سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والے ڈسٹریبیوٹرز اور دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور ایل پی جی کی درآمد، تقسیم اور قیمتوں کے نظام کو شفاف بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیںمعاشی و تجارتی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ایل پی جی کے بڑے درآمد کنندگان، مقامی پیداواری پلانٹس، ہول سیل ڈسٹریبیوٹرز اور مارکیٹنگ کمپنیوں کے نرخوں کا باقاعدہ آڈٹ کرے، روزانہ کی بنیاد پر سپلائی اور فروخت کا ریکارڈ مرتب کیا جائے اور ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک سپلائی چین کے بالائی حصے میں قیمتوں اور منافع کے نظام کو شفاف نہیں بنایا جاتا، اس وقت تک صرف چھوٹے دکانداروں کے خلاف کارروائی سے عوام کو حقیقی ریلیف نہیں مل سکتا۔
سرکاری نرخ 295، مارکیٹ میں ایل پی جی 700 روپے کلو تک فروخت
















