لاہور (خبرنگار) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بلند و بانگ دعوے ایک بار پھر ادارے کے اندرونی زوال اور بدانتظامی کے گرداب میں ڈوبتے نظر آرہے ہیں جہاں افسرشاہی کی کمزور ہوتی ہوئی گرفت نے نچلی سطح پر کرپشن اور ناانصافی کے دروازے کھل کر وا کر دیے ہیں۔ محمود بوٹی رکشہ یارڈ پر انتظامیہ کی مبینہ سرپرستی میں جاری مبینہ بھتہ خور مافیا کے راج نے غریب محنت کش رکشہ ڈرائیوروں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے جہاں ادارے کے اسسٹنٹ منیجر عتیق اعوان نے مبینہ طور پر اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک پرائیویٹ گینگ تشکیل دے رکھا ہے۔ باوثوق ذرائع نے ہوشربا انکشاف کیا ہے کہ اسسٹنٹ منیجر نے اقبال عرف سونو نامی غیر متعلقہ اور پرائیویٹ شخص کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جو دن دیہاڑے غریب ڈرائیوروں کی محنت کی کمائی پر ڈاکے ڈال رہا ہے۔ محمود بوٹی یارڈ کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت صرف شالامار ٹاون کے تین سو تیس اور واہگہ ٹاون کے ایک سو پچاسی رکشے فیلڈ میں نکلتے ہیں جن سے مبینہ طور پر فی رکشہ دو سو روپے بھتہ وصول کیا جا رہا ہے اور یہ سیاہ دھندا روزانہ کی بنیاد پر دندناتے ہوئے جاری ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کرپشن کا یہ نیٹ ورک یہیں نہیں رکتا بلکہ رکشوں کے ٹریکرز کے ساتھ دانستہ چھیڑ چھاڑ کی جاتی ہے اور پھر ڈرائیوروں کو چھٹی پر بھیج کر ان کی تنخواہوں میں سے حصہ بٹورا جاتا ہے، جس پر سونو بٹ موصوف اسسٹنٹ منیجر کے تمام احکامات کو من و عن نافذ کرنے پر مامور ہیں۔ حیرت اس بات پر ہے کہ ادارے کی اعلیٰ ترین انتظامیہ اس کھلی لوٹ مار اور نااہلی پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ عوام کے ٹیکسوں پر پلنے والا یہ ادارہ اب چند مفاد پرست عناصر کی ذاتی جاگیر بن چکا ہے اور ادارے کے کرتا دھرتا اس بحران کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔
LWMC ، افسر شاہی کی کمزور گرفت، نچلی سطح پر کرپشن اور ناانصافی کے در کھل گئے
















