نظام یرغمال،پنجاب جاگ جائے تو ملک بھر میں انقلاب برپا ہو سکتا ہے،نعیم الرحمن

لاہور:(اپنے نمائندے سے )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے سیاسی، سماجی ،معاشی نظام چند ہاتھوں میں یرغمال،پنجاب جاگ جائے تو ملک بھر میں انقلاب برپا ہو سکتا ہے،جماعت اسلامی نئے انتظامی یونٹس کی مخالف نہیں ،اقدامات آئین میں درج طریقہ کار کے مطابق اٹھانے چاہئیں۔

منصورہ میں پنجاب بھر کے ضلعی ،زونل نظم کے بڑے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ،لیوی کے بتدریج خاتمے کےلئے حکومت کو حتمی مسودہ دےدیا اب حکمرانوں کی جانب سے کوئی چکربازی نہیں ہونی چاہیے، معاملے کا پوری طرح تعاقب کیا جائے گا،ملک میں نظام کی تبدیلی کےلئے جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں،جماعت اسلامی کو پنجاب میں بڑی سیاسی جماعت ،ملک بھر میں بڑی پارلیمانی قوت بن کر سامنے آنا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاملک کا سیاسی، سماجی ،معاشی نظام چند ہاتھوں میں یرغمال ، طاقتور افراد نظام میں انجینئرنگ کرتے ، کبھی آر ٹی ایس بٹھایا جاتا اور کبھی فارم 47 کے ذریعے عوام پر حکومتیں مسلط کی جاتی ہیں،سیاسی جماعتوں کی لڑائی عوام نہیں ،ذاتی مفادات کےلئے ہوتی ہے،80 سال سے اسٹیبلشمنٹ کے سائے تلے جماعتیں قوم پر مسلط کی جا رہی ہیں،ملک میں عدل و انصاف کا نظام بالکل نظر نہیں آتا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا اہل فلسطین کی مزاحمت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ کی ناکامی دراصل حماس ،اہل غزہ کی مزاحمت کی کامیابی ہے، نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کےلئے آئین میں کوئی ممانعت نہیں،عوام کی رائے کے بغیر نئے یونٹس کیسے بنیں گے؟۔