گورنر پنجاب کی فریال تالپور کے ہمراہ مختلف مزارات پر حاضری

لاہور (سپیشل رپورٹر) گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما فریال تالپور کے ہمراہ داتا صاحب، بی بی پاکدامن اور حضرت میاں میر کے مزارات پر حاضری دی۔فریال تالپور،گورنر پنجاب سردارسلیم حیدرخان اور راجہ پرویزاشرف کے ہمراہ لاہور کی سڑکوں پر نکل آئیں۔فریال تالپور نے داتا صاحب کی چوکھٹ پر بیٹھ کر دعاکی۔فریال تالپور نے بی بی پاکدامن اور میاں میر کے مزارات پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔فریال تالپور نے بی بی پاکدامن کے احاطے سے مزار کیلئے پھولوں کی پتیاں اور اگربتیاں بھی خریدیں۔فریال تالپور نے مزارات پر زائرین میں تبرک بھی تقسیم کیا۔فریال تالپور نے مزارات پر حاضری دیتے ہوئے کہا کہ علماءکرام اور صوفیائے کرام کی دین کیلئے خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔بزرگان دین نے اپنے قول و فعل سے دین اسلام پھیلانے میں اہم کردار ادا کیا۔بزرگان دین کی درسگاہوں پر حاضری دینے سے روح کو تسکین ملتی ہے۔صوفیائے کرام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے امن اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔بزرگان دین نے اپنے قول فعل اے نہ صرف مسلمانوں بلکہ غیر مسلموں کو بھی امن اور بھائی چارے کا درس دیا۔گورنرپنجاب سردار سلیم حیدرخان نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں اسلام کی روشنی پھیلانے میں صوفیاءکرام کا کردار اہم ہے۔درگاہوں پر آنے والے زائرین کیلئے ہرقسم کی سہولیات کو ممکن بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اسلام کے نام پر مذہبی فرقہ واریت پھیلانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹاجائے گا۔دین اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔سندھ،پنجاب،کے پی کے اور بلوچستان سب بھائی بھائی ہیں۔