علیمہ کے بعد نورین نیازی اور عظمیٰ خان بھی 30 روز کیلئے نظر بند

لاہور (مشرق نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ کے بعد عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو بھی نظربند کر دیا گیا۔ عمران خان کی بہنوں عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو ڈپٹی کمشنر لاہور کے احکامات پر تھری ایم پی او کے تحت 30 دن کیلئے نظر بند کیا گیا، پولیس کی سفارش پر نظربندی کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے علیمہ خان کی رہائش گاہ سے ان کی بہنوں اور بھانجوں کو حراست میں لیا اور انہیں بکتر بند گاڑی کے ذریعے منتقل کیا گیا۔ عظمیٰ اور نورین خان کو اہل خانہ سمیت رات گئے گرفتار کئے جانے کے بعد بچوں اور دیگر اہل خانہ کو چھوڑ دیا گیا، دونوں بہنوں کو 30 روز کیلئے نقص امن کے خطرے کے پیش نظر جیل بھجوایا گیا۔

اس سے قبل پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کو اپر مال سے جم خانہ جاتے ہوئے گرفتار کر کے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا تھا۔ لٹن روڈ پولیس نے علیمہ خان کو تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لیا جبکہ انکی ذاتی گاڑی کو تھانے میں کھڑا کر دیا گیا۔