جماعت اسلامی کا اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کا اعلان

اسلام آباد:( ) جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی کی اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کرنے کی مخالفت کردی ۔

وفد نے اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات کی، پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر ، اپوزیشن لیڈر علامہ ناصر عباس ، سینیئر سیاست دان مصطفیٰ نواز کھوکھر اور نامزد سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا جماعت اسلامی کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی جسے قبول کرلیا ، ملک میں امن و امان، معاشی صورت حال، عوام کے حق حکمرانی اور جمہوری عمل کی بحالی کے لیے متفقہ قومی ایجنڈے کی اشد ضرورت ہے۔

علامہ ناصر عباس نے کہا مقصد ہے سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر پاکستان کو درپیش مسائل پر بات چیت کریں اور حل کی راہ بھی نکالیں، پاکستان کسی ایک سیاسی جماعت، ادارے، فوج یا بیوروکریسی کا نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کا ملک ہے۔