حکومت کسی ایڈونچر سے باز رہے، قافلے اسلام آباد ضرور پہنچیں گے، نعیم الرحمن


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے 20ستمبر کو ملک بھر سے قافلے اسلام آباد ضررو پہنچیں گے ، حکومت کسی بھی ایڈونچر سے باز رہے ، پی ٹی آئی ،جے یوآئی، اے این پی سمیت ساری اپوزیشن نے لانگ مارچ کی حمایت کردی،احتجاج پی ٹی آئی کا حق،عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں ، صحت کی تمام سہولیات دی جائیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، نائب امیر میاں اسلم ، ڈپٹی سیکرٹری سید فراست شاہ، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاحکومت کو ہر صورت لیوی ختم کرنا ہوگی،لیوی کا پٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں، مافیائی نظام کے تحت چند افراد کو فائدہ پہنچانے کےلئے عوام پر ظلم کیا جا رہا ہے جب تک مافیاز ختم نہیں ہوں گے ملکی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا مذاکرات کے نام پر ٹال مٹول قبول نہیں ، جماعت اسلامی کسی صورت اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوگی ، اسلام آباد مارچ کو غیر جمہوری ہتھکنڈوں سے روکا گیا تو حکومت خود مشکل میں پڑ جائے گی، عوام کنٹرول میں نہیں رہیں گے ، حالات کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔