اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کو اسلام آباد آکر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دیگی، کسی بھی صورتحال میں قانون کی عمل داری یقینی بنائی جائیگی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج پر حکومت کے موقف کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بھرپور انداز میں امن و امان برقرار رکھے گی۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے آج تک پرامن احتجاج کا طرزِ عمل نہیں اپنایا، پارٹی کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، بصورت دیگر ایسے نتائج سامنے آسکتے ہیں جنہیں وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ وفاقی وزیر نے عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ انہیں مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا جس کے مطابق وہ امن و امان خراب کر سکتی تھیں۔
مذاکرات سے متعلق سوال پر عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کی قیادت اور فیصلہ سازی کے عمل پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں بات چیت کیلئے کسی ایک فریق کا تعین مشکل ہے۔ انہوں نے بیرسٹر گوہر کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے مذاکرات کی افادیت پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کو پی ٹی آئی کی زبان پر اعتبار نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے: عطا تارڑ



















