لاہور (کرائم رپورٹر) ساﺅتھ ایشین کالمسٹ کونسل (SACC) کے وفد نے چیئرمین میاں سیف الرحمن، پیٹرن اشرف سہیل، سیکرٹری جنرل ضمیر آفاقی اور ایگزیکٹو ممبر شیر علی خالطی کی قیادت میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا سے ملاقات کی جس میں پولیس تفتیش، عوامی شکایات کے ازالے، کھلی کچہریوں، جرائم کے خلاف کارروائی اور پولیس کے احتساب سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کی شکایات براہ راست سننے کیلئے اب تک 138 کھلی کچہریاں منعقد کی جا چکی ہیں جن میں 32 ہزار سے زائد شہریوں کی شکایات سنی گئیں اور متعلقہ افسران کو ان کے ازالے کے احکامات جاری کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے معیار اور مدعیان کی شکایات جاننے کیلئے فیڈ بیک سیل قائم کیا گیا ہے جہاں روزانہ مدعیان سے رابطہ کرکے تفتیشی افسر کی کارکردگی اور مقدمے کی پیشرفت کے بارے میں معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔ شکایت کی صورت میں متعلقہ افسر کو ہدایات کے ساتھ انکوائری بھی کی جاتی ہے۔ ڈی آئی جی کے مطابق اختیارات سے تجاوز، کرپشن اور محکمانہ بے ضابطگیوں کے خلاف کارروائی جاری ہے اور اب تک 260 سے زائد افسران و اہلکاروں کو میجر اور مائنر سزائیں دی جا چکی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال 4 ہزار سے زائد خواتین اور 600 سے زائد بچوں کو بازیاب کرایا گیا، جبکہ 18 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان گرفتار کیے گئے، جن میں 3,751 سنگین نوعیت کے اشتہاری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 6 ہزار سے زائد عدالتی اشتہاری مجرمان بھی گرفتار کیے گئے۔ پولیس کارروائیوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ 1,035 گینگز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2,181 گینگ ممبران اور دیگر مقدمات میں مطلوب ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ مختلف مقدمات میں ایک ارب 97 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ریکوری بھی کی گئی۔ ملاقات میں ڈیفنس کے علاقے میں غیر ملکی لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعے پر بھی گفتگو ہوئی۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ مقدمہ درج کرکے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے، جن کی گرفتاری کیئے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش قانون اور میرٹ کے مطابق مکمل کی جائیگی۔ بعد ازاں سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں وفد نے تفتیش، عوامی شکایات، جرائم کی روک تھام اور پولیس احتساب سے متعلق سوالات کئے۔ ڈی آئی جی نے میڈیا اور کالم نگاروں کے ساتھ رابطے کو مزید مو¿ثر بنانے کیلئے پی آر او او اویس کو SACC اور میڈیا نمائندگان سے رابطہ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ایس پی سی آر او زاہد نے وفد کو کریمنل ریکارڈ کے نظام اور متعلقہ شعبوں کا دورہ کرایا اور جدید ٹیکنالوجی، ڈیٹا مینجمنٹ اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے اختتام پر SACC کی جانب سے ڈی آئی جی سید ذیشان رضا کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ ڈی آئی جی نے بھی کونسل کے وفد کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ وفد میں مظہر چوہدری، تنویر احمد، عمر شریف لغاری، اورنگ زیب ملک، فائزہ شیرازی، رقیہ غزل، عامر ریاض، عرفان، شعیب وینس اور معارج ضمیر بھی شامل تھے۔
138 کھلی کچہریوں میں 32 ہزار سے زائد شکایات سنیں: DIG انویسٹی گیشن



















