پاکستان میں بھی چھوٹے چھوٹے ٹرمپ موجود ہیں،علامہ راجہ ناصر عباس

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سینٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے حکومت خدمت کی بجائے عوام سے لڑ رہی ہے، خیبرپختونخوا کو دوبارہ آزمائے سیاسی لوگوں کے حوالے کردیا گیا ،نظام کمزور کرنےوالے خیبرپختونخوا میں کیا امن قائم کریں گے؟۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس نے کہاپاکستان میں بھی چھوٹے چھوٹے ٹرمپ موجود ہیں، پی ٹی آئی حکومت کو خوف کی وجہ سے گرایا گیا، عمران خان گلے کی ہڈی بن گئے ، کیا کیا ظلم نہ کیے، لوگوں کو اٹھایا ،خواتین کو قیدی بنایا، آخر میں ایک ہی حکومت تھی کے پی میں وہاں بھی گورنر راج ،ایمرجنسی لگادی، غرور، تکبر، تعصب ،لالچ غلط فیصلوں اور تباہی کا سبب بنتے ہیں۔

اپوزیشن لیڈرسینٹ نے کہاحکمران طبقے نے خود کو اشرافیہ سمجھ کر عوامی مینڈیٹ کو نظر انداز کیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اقتدار سے ہٹانے کا فیصلہ بھی غلط اندازے کا نتیجہ تھا، لالچ، خوف، تعصب ،تکبر نے غلط سیاسی فیصلوں کو جنم دیا،امریکہ کے کہنے پر عمران خان کو ہٹانے کا الزام غلط سیاسی اندازہ ثابت ہوا،بلوچستان میں 25 سال سے امن قائم نہیں ہوسکا اب خیبرپختونخوا میں بھی بدامنی بڑھ رہی ہے۔