10سال میں پاکستان کا بیرونی قرض دگنا ہو کر 135ارب ڈالر سے متجاوز


اسلام آباد:( بیورورپورٹ)10سال میں پاکستان کا بیرونی قرض دگنا ہو کر 135ارب ڈالر سے متجاوز کرگیا،پاکستان سب سے زیادہ چین کا مقروض ہے، عالمی بینک ،ایشیائی ترقیاتی بینک بھی پاکستان کے بڑے قرض خواہوں میں شامل ہیں، عالمی بینک نے انٹرنیشنل ڈیٹ رپورٹ 2026 جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق 2015 میں پاکستان کا بیرونی قرض 68ارب 67کروڑ ڈالر تھا جو 2025 میں بڑھ کر 135ارب 10کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا،چین پاکستان کا سب سے بڑا انفرادی قرض خواہ ،22ارب 40کروڑ ڈالر قرض واجب الادا ہے،عالمی بینک کے 19ارب 20کروڑ ڈالر،ایشیائی ترقیاتی بینک کے 16ارب 30کروڑ ڈالر ادا کرنے ہیں۔

مجموعی طور پر 56ارب 83کروڑ ڈالر کے قرضے عالمی مالیاتی اداروں ،42ارب 43کروڑ ڈالر دوسرے ممالک سے حاصل کیے گئے،پاکستان کے مجموعی بیرونی قرض میں سرکاری ،سرکاری ضمانت والے قرضے 107ارب ڈالر ہیں ،نجی شعبے کا قرض 17ارب58کروڑ اور قلیل مدتی قرض 10ارب 45کروڑ ڈالر ہے۔