لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر

لاہور (سپیشل رپورٹر) صوبائی دارالحکومت لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا۔ شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 273 ریکارڈ کی گئی ہے۔فضائی آلودگی کے حوالے سے اقبال ٹاﺅن 414 کے ساتھ سرفہرست رہا، پیراگون سٹی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 324، کینٹ میں 331 جبکہ گلبرگ ٹو میں آلودگی کی شرح 300 ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح برکی روڈ میں شرح 290، چمن پارک میں 279، ماڈل ٹاﺅن میں 271، بیدیاں روڈ میں 258 جبکہ ڈی ایچ اے فیز فائیو میں ایئر کوالٹی انڈیکس 247 ریکارڈ کیا گیا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں صنعتی یونٹس، اینٹوں کے بھٹوں، پلاسٹک کے استعمال اور کمرشل کچنز کی نگرانی کیلئے بھرپور فیلڈ آپریشن کیا گیا۔حکام کے مطابق صوبے بھر میں 258 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا، خلاف ورزیوں پر 5 یونٹس سیل جبکہ 10 لاکھ 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اسی طرح 452 اینٹوں کے بھٹوں کی انسپیکشن کے دوران 3 بھٹے مسمار، 4 سیل اور 4 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 7 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔غیر معیاری پلاسٹک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 153 مقامات کی چیکنگ کی گئی، 3 مقامات سیل، 1462 کلوگرام پلاسٹک ضبط اور 65 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، باربی کیو اور کمرشل کچنز کے خلاف کارروائی میں 121 مقامات کا معائنہ کیا گیا، 12 مقامات سیل کئے گئے، 63 مقامات پر سکشن ہڈز نصب کیے گئے جبکہ ایک لاکھ 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔دھوئیں کے اخراج پر قابو پانے کیلئے کمرشل کچنز اور باربی کیو پوائنٹس پر سکشن ہڈز کی تنصیب اور ان کی موثرفعالیت یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔حکام کے مطابق ڈرون سکواڈ، نائٹ سکواڈ اور ہاک آئی فیلڈ سکواڈ کے ذریعے آلودگی پھیلانے والے ذرائع کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، اڑتی ہوئی دھول کی روک تھام کیلئے 17 مقامات کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے 9 کو نوٹس جاری، ایک مقام سیل اور 2 مقامات پر سپرنکلرز نصب کیے گئے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ آلودگی کے مقامی ذرائع کی روک تھام، مسلسل مانیٹرنگ اور فیلڈ انفورسمنٹ بیک وقت جاری ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے شہریوں اور کاروباری اداروں سے اپیل کی کہ ماحولیاتی تحفظ کیلئے حکومتی اقدامات میں تعاون کریں، کسان فصلوں کی باقیات نہ جلائیں، شہری غیر ضروری طور پر گاڑیاں سڑکوں پر نہ لائیں اور اپنی گاڑیوں کی فٹنس یقینی بنائیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں انسانی صحت اور ماحول کیلئے نقصان دہ ہیں، اس لیے گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیشن کے بعد ہی سڑکوں پر لایا جائے۔