لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ڈینگی سے متعلق خلاف ورزیوں پر ایف آئی آر کے بجائے مرحلہ وار جرمانوں کا نظام متعارف کرانے کیلئے قانون سازی کی جائے گی۔ مجوزہ نظام کے تحت پہلی خلاف ورزی پر جرمانہ، دوسری پر زیادہ جرمانہ جبکہ تیسری خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جا سکے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس تجویز کو متعلقہ حکام اور پنجاب اسمبلی میں اٹھانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صدر لاہور چیمبر علی حسام اصغر، سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی اور نائب صدر چوہدری خادم حسین نے بھی اظہار خیال کیا۔ سابق صدر میاں مصباح الرحمٰن، سابق نائب صدور حارث عتیق اور شاہد نذیر چوہدری، سینئر ممبر محمد امجد چوہدری، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نائلہ ندیم، شہزاد علی شاہ، مردان علی زیدی، حامد رضا، علی رضا، محمد اعجاز غوری، ذوالفقار علی چوہدری، شہاب بشارت، عدیل بابر، ڈاکٹر شہزاد محمود، عامر عطا باری اور سید عظمت علی شاہ جبکہ سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبران وقار احمد اور حاجی محمد اکرم بھی موجود تھے۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور چیمبر آئے ہیں۔ وزیراعلیٰ کاروباری برادری سے رابطہ مضبوط بنانے اور لاہور چیمبر کا دورہ کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ انہوں نے نومنتخب عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ اختلافات بھلا کر معاشی ترقی کیلئے مل کر کام کرے۔ انہوں نے معذور افراد کی بحالی، تربیت اور روزگار کیلئے لاہور چیمبر کے ادارے لبارڈ کی خدمات کو بھی سراہا اور مرحوم پرویز ملک کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر صحت نے اعلان کیا کہ کلینک آن ویلز پروگرام کو لاہور کی مارکیٹوں تک وسعت دی جائے گی تاکہ تاجروں، کارکنوں اور ملازمین کو طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے لاہور چیمبر میں ماہانہ بنیادوں پر ایک موبائل فیلڈ ہسپتال قائم کرنے کی پیشکش بھی کی، جہاں ایکسرے اور لیبارٹری ٹیسٹ کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔انہوں نے لاہور چیمبر اور محکمہ صحت کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ تکنیکی کمیٹیاں بنانے کی تجویز دی، جو ہر ماہ اجلاس کرکے فارماسیوٹیکل سیکٹر اور صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ سے متعلق مسائل کا جائزہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت وفاق کے ساتھ مل کر تمام صوبوں کیلئے یکساں فارماسیوٹیکل پالیسی مرتب کر رہی ہے تاکہ ضابطوں کی تکرار سے بچا جا سکے۔ انہوں نے سرکاری محکموں کو سامان اور خدمات فراہم کرنے والے تاجروں کے واجب الادا بقایاجات کا معاملہ بھی متعلقہ حکام کے سامنے اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔صدر لاہور چیمبر علی حسام اصغر نے کہا کہ کاروباری برادری کو سہولت، عزت اور جائز کاروباری سرگرمیوں کا تحفظ درکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور چیمبر نے وفاقی حکومت، 11 معاشی وزارتوں اور پنجاب حکومت سے منسلک شکایات مرکز قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری چھاپوں، گرفتاریوں اور سخت اقدامات سے کاروباری برادری اور سرکاری محکموں کے درمیان اعتماد متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے وزیر صحت سے مطالبہ کیا کہ معمولی اور تکنیکی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر ایف آئی آر کے بجائے جرمانوں کا نظام قانون سازی کے ذریعے متعارف کرایا جائے۔ انہوں نے فارماسیوٹیکل سیکٹر کیلئے وفاقی اور صوبائی اختیارات میں واضح تقسیم، غیر ضروری ضابطہ جاتی تقاضوں کے خاتمے اور صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ میں شفاف، آن لائن اور بروقت سماعتوں کی تجویز بھی دی۔سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی نے ذہنی صحت کے مسائل پر توجہ دینے اور کارکنوں کیلئے طبی سہولیات بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کلینک آن ویلز پروگرام کو بڑے صنعتی مراکز تک وسعت دینے اور صنعتی علاقوں کے قریب ہنگامی طبی سہولیات فراہم کرنے کی تجویز دی تاکہ حادثات اور طبی ہنگامی حالات میں کارکنوں کو بروقت علاج میسر آ سکے۔
ڈینگی خلاف ورزیوں پر جرمانوں کیلئے قانون سازی ہوگی:خواجہ عمران نذیر
















