لیوی پر معاملات حتمی مرحلے میں، ریلیف نہ ملا تو فیصلے سڑکوں پر ہو نگے، نعیم الرحمن


کراچی:(بیورورپورٹ)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی پر حکومت سے حتمی معاملات طے کیے جارہے ہیں، عوام کو ریلیف نہ ملا تو فیصلے سڑکوں پر ہی ہوں گے۔ سندھ میں گزشتہ اٹھارہ برسوں سے لوٹ مار چل رہی ہے، رہائش کے اعتبار سے کراچی دنیا کا بدترین شہر بن گیا۔ امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ اور صہیونی لابی کی شکست دراصل فلسطینیوں کی مزاحمت کی کامیابی ہے۔

ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے ان کا کہنا تھا کہ لیوی کسی صورت قبول نہیں ، حکومت اس ناجائز ٹیکس کے بتدریج خاتمہ کے لیے تیار ہے ، تاہم مذاکرات جاری ہیں اور ابھی تک اس حوالے سے حکومت کی جانب سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا، البتہ جماعت اسلامی کے باربار سمجھانے پر جکومت آئل رئفائینریز سے بات چیت کررہی ہے، جنہوں نے بدترین حالات میں بھی ہزار گنا تک منافع کمایا، ہمارے اصرار پر حکومت کی آئل ریفائینریز سے بات چیت کے نتیجہ میں عوام کو پٹرولیم مصنوعات پر کچھ ریلیف بھی ملا ۔

دریں اثنا ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، دونوں رہنماﺅں نے حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔لیاقت بلوچ کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی سب کمیٹی کا اجلاس ہو چکا ہے جبکہ ٹیکنیکل کمیٹی بھی اپنا اجلاس مکمل کر چکی ہے۔ اب حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی اور عوامی ریلیف کے لیے اقدامات کا مرحلہ ہے۔لیاقت بلوچ نے بتایا کہ 10 نومبر کو حکومت اور جماعت اسلامی کی سب کمیٹی کے مذاکرات کا فائنل راو¿نڈ ہوگا، اجلاس ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی میزبانی میں وزارت خارجہ کی عمارت میں منعقد ہوگا۔