پیپلز پارٹی کو پنجاب میں فعال کرنے کیلئے تمام تنظیموں کو متحرک کرنے کا فیصلہ

لاہور (میاں ذیشان) فریال تالپور کا دورہ لاہور، پیپلز پارٹی کو پنجاب میں فعال بنانے اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کیلئے اہم مشاورت، خواتین ونگ سمیت تمام تنظیموں کو متحرک کرنے کا فیصلہ، پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور کے دورہ لاہور کے دوران پنجاب میں پارٹی کی تنظیم نو، خواتین ونگ کو فعال بنانے، نچلی سطح تک تنظیمی ڈھانچہ مضبوط کرنے اور آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور سیاسی کردار ادا کرنے کے حوالے سے اہم مشاورتی سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا ہے، فریال تالپور آج جمعرات سے پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں اپنی سیاسی و تنظیمی مصروفیات کا باقاعدہ آغاز کریں گی، جہاں وہ پنجاب ایگزیکٹو کے ارکان، وسطی پنجاب کی قیادت، ڈویژنل و ضلعی تنظیموں کے عہدیداروں، خواتین ونگ سمیت مختلف ذیلی شعبوں کے نمائندوں اور پارٹی کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گی۔ دورے کا بنیادی مقصد پنجاب میں پیپلز پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کو نئی قوت فراہم کرنا، غیر فعال تنظیموں کو دوبارہ متحرک کرنا، خواتین کی سیاسی شمولیت بڑھانا اور بلدیاتی انتخابات کیلئے یونین کونسل کی سطح تک مضبوط انتخابی نیٹ ورک تشکیل دینا ہے۔ گزشتہ روز بلاول ہاﺅس لاہور میں فریال تالپور کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن، وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ، شہزاد سعید چیمہ، رانا فاروق سعید، چوہدری ریاض، ندیم اصغر کائرہ، محسن باری، اراکین پنجاب اسمبلی نرگس فیض ملک، نیلم جبار اور عائشہ چوہدری سمیت دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی، اجلاس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال، تنظیمی ڈھانچے، آئندہ کے سیاسی چیلنجز اور پارٹی کو عوامی سطح پر متحرک کرنے کے معاملات زیر بحث آئے۔ دورے کے دوران مختلف ڈویژنوں اور اضلاع کی تنظیموں سے براہ راست ملاقاتوں کے علاوہ پیپلز یوتھ، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن، پیپلز لائرز فورم، مزدور ونگ اور شعبہ خواتین کے وفود سے بھی مشاورت کی جائے گی جبکہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کی رہائش گاہ پر ارکان پنجاب اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانے میں شرکت بھی دورے کے طے شدہ پروگرام کا حصہ بتائی گئی ہے۔ دوسری جانب بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی تنظیمی اکائیوں کو یونین کونسل کی سطح پر موزوں امیدواروں کی نشاندہی اور فہرستیں مرتب کرنے کی ہدایات پہلے ہی دی جا چکی ہیں، پارٹی کی بلدیاتی انتخابات مانیٹرنگ کمیٹی کے کنوینر رانا فاروق سعید کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں وسطی پنجاب کے 31 تنظیمی یونٹس، جن میں 26 اضلاع اور پانچ بڑے شہر شامل ہیں، کے ضلعی صدور کو امیدواروں کی چھان بین، عوامی رابطوں اور انتخابی تیاریوں کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، جبکہ لاہور میں میئر، ڈپٹی میئر، یونین کونسل چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کی نشستوں کیلئے درخواستیں بھی طلب کی جا چکی ہیں۔ امیدواروں کے انتخاب میں مقامی اثرورسوخ، عوامی رابطوں، سیاسی ساکھ، پارٹی وابستگی اور نوجوان کارکنوں کی شمولیت کو اہمیت دینے کی حکمت عملی زیر غور ہے، جبکہ خواتین ونگ کو بھی انتخابی مہم اور مخصوص نشستوں سمیت تنظیمی سرگرمیوں میں موثر کردار دینے پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے پارٹی کی تنظیمی سرگرمیاں تیز کرنے کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ فریال تالپور کارکنوں اور عہدیداروں سے براہ راست ملاقاتیں کرکے ان کی شکایات، تجاویز اور مسائل سنیں گی، مختلف اضلاع اور جہاں ممکن ہو تحصیل سطح کی تنظیموں سے بھی رابطے کیے جائیں گے، جبکہ فریال تالپور کی جانب سے ہر ماہ دو سے تین روز پنجاب سیکرٹریٹ میں بیٹھ کر مختلف ڈویژنوں اور اضلاع کے وفود سے ملاقاتوں کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ حسن مرتضیٰ کے مطابق تنظیمی تبدیلیوں کے حوالے سے سفارشات پارٹی چیئرمین کو آئین کے مطابق منظوری کیلئے پیش کی جائیں گی اور کسی متوازی تنظیمی ڈھانچے کے قیام کا مقصد نہیں، بلکہ موجودہ تنظیموں کو موثر بنانا ترجیح ہے۔ پارٹی قیادت کا موقف ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اختیارات اور وسائل نچلی سطح تک منتقل ہونے چاہئیں اور مقامی حکومتیں، طلبہ و مزدور تنظیمیں نئی سیاسی قیادت پیدا کرنے میں بنیادی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ فریال تالپور کے دورے کو اسی تناظر میں پنجاب میں پیپلز پارٹی کی سیاسی موجودگی بڑھانے، انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے، تنظیمی ذمہ داریوں کی کارکردگی جانچنے اور آئندہ انتخابات کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دینے کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔