زرداری ،شہباز ملاقات،معاشی استحکام کےلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق

لاہور: (سپیشل رپورٹر)صدر زر داری کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ،اتحادی جماعتوں کے درمیان باہمی تعاون، مشاورت کے تسلسل ،عوامی فلاحی منصوبوں کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آصف زرداری ماڈل ٹاﺅن میں وزیراعظم کی رہائشگاہ پہنچے توشہبازشریف نے پرتپاک استقبال کیا، بعد ازاں دونوں رہنماﺅں کے درمیان ہونےوالی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی ،سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی، وزیراعظم نے دورہ ترکیہ اور 31ویں کانفرنس آف پارٹیز میں شرکت سے آگاہ کیا۔

دونوں رہنماوں نے ملک میں معاشی استحکام ،ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کےلئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا،ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ،مشیر وزیر اعظم رانا ثنا،ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔