آئین پر مکمل عملدرآمد سے ہی جمہوریت قائم رہ سکتی ہے،صدر،وزیراعظم


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)صدر،وزیراعظم نے یوم دستور کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا73کاآئین جمہوری شناخت، وفاقی توازن اور شہری حقوق کی ضمانت ہے، بھٹو ،بینظیر شہیدکی قیادت میں متفقہ آئینی نظام کی بنیاد دونوںکی سیاسی بصیرت و جرات مندانہ جدوجہد سے رکھی گئی۔

آصف زرداری نے کہاآئین صرف قانونی دستاویز نہیں بلکہ روزمرہ حکمرانی و اداروں کے کام کرنے کا رہنما اصول ہے ،مکمل عملدرآمد سے ہی جمہوریت و انصاف قائم رہ سکتے ہیں۔

شہبازشریف نے کہا دستور کے معماروں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آئین عوام ، ریاست کے مابین مقدس معاہدے کا نام اور دونوں کے حقوق و فرائض کا قانونی، اخلاقی و انتظامی تعین کرتا ہے،10 اپریل 1973 کو منظور کئے گئے متفقہ آئین نے ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام حکومت ،ریاست پاکستان کے مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچے کی بنیاد رکھی۔

وزیراعظم نے کہا آئین تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ،وفاق پاکستان ،قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے، وفاق پاکستان کی تمام ریاستی اکائیاں قومی یگانگت ، مجموعی معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا آئینی کردار خوش اسلوبی سے سر انجام دیتے ہوئے تابندہ مستقبل کیلئے کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں،پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کئے ہوئے ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا۔