پاکستان ورچوئل اثاثوں پر پابندی سے ریگولیٹڈ نگرانی کی جانب منتقل ہوگیا،بلال بن ثاقب


تاشقند:(مشرق نیوز)وزیر مملکت بلال بن ثاقب نے کہا ہے پاکستان ورچوئل اثاثوں پر پابندی سے ریگولیٹڈ نگرانی کی جانب منتقل ہوگیا ۔

سلک روڈفنانس اینڈ ٹیکنالوجی فورم سے خطاب کرتے ہوئے بلال بن ثاقب نے کہا حکومتوں کو ایسی ریگولیٹری ادارہ جاتی صلاحیت پیداکرنا ہوگی جو جدید ٹیکنالوجی کی رفتار سے تبدیل ہوں،پاکستان میں ڈیجیٹل مالیاتی انفرا سٹرکچر کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، ورچوئل اثاثوں کے شعبے میں موثر ریگولیٹری نظام سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔

بلال بن ثاقب نے کہا2018 کی پابندیوں سے ورچوئل اثاثوں کی سرگرمیاں ختم نہیں ہوئیں، پابندیوں کے باعث ورچوئل اثاثوں کی سرگرمیاں آف شورپلیٹ فارمز، پیئرٹوپیئر چینلز تک منتقل ہوئیں،پیوارا نے ورچوئل اثاثہ سروس فراہم کنندگان کےلئے لائسنسنگ ریگولیشنز نافذ کردئیے،لائسنسنگ پورٹل بھی فعال کردیا، پاکستان خودمختار قرضوں تک رسائی کو جدید بنانے کےلئے ٹوکنائزیشن کا جائزہ لے رہا ہے۔