نیویارک: (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے حکومت ملک میں سرمایہ کاری ،کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے،کاروباری شخصیات ،پروفیشنلز پاکستان کے سفیر اوردنیا بھر میں مثبت کردار سے ملک کا نام روشن کرتے ہیں،پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔
شہبازشریف سے امریکہ میں مقیم انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، آٹو موبائل، توانائی، تعمیرات و مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات و پروفیشنلز کے وفود نے ملاقاتیں کیں،وزیراعظم نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا حکومت ملکی زرعی شعبے کی ترقی کیلئے شعبے میں جدت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے،کاروباری شخصیات کے وفود نے وزیر اعظم کی قیادت میں زراعت، صنعت، برآمدات بالخصوص ایف بی آر میں اصلاحات کو سراہا۔
دریں اثناپاکستانی نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ،پختہ یقین ہے پاکستان کی قسمت صرف نوجوان ہی بدل سکتے ہیں، پاکستان بھر کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر سکھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،پاکستانی نوجوان مختلف شعبہ جات میں بہتری کیلئے تجاویز دیں،ملک کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
وزیراعظم کی امریکہ میں مقیم کاروباری شخصیات کو سرمایہ کاری کی دعوت



















