مسیحی برادری کے مذہبی مقامات کے تحفظ کیلئے بھرپور سکیورٹی یقینی بنائی جائے :آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر گڈ فرائیڈے اور جمعتہ المبارک کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی، پولیس افسران و جوانوں نے مساجد، امام بارگاہوں اور مسیحی عبادتگاہوں کے فرائض بھرپور تندہی اور فرض شناسی کے ساتھ سر انجام دئیے۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر تمام سپروائزری افسران نے گڈ فرائیڈے کے موقع پر مسیحی برادری کی عبادات اور مذہبی مقامات کے تحفظ کیلئے بھرپور سکیورٹی یقینی بنائے، صوبہ بھر میں منعقد ہونے والے 2270 پروگرامز پر 13 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور رہے۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری، سنائپرز اور کمانڈوز تعینات رہے اور شرکا کو مکمل چیکنگ اور شناخت کے بعد ہی گرجا گھروں میں داخلے کی اجازت دی گئی۔ آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ سینئر پولیس افسران ایسٹر کے موقع پر بھی گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات کی خود مانیٹرنگ کریں جبکہ ڈولفن، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کے جوان حساس مقامات کے اطراف موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ایسٹر کے موقع پر مسیحی مذہبی مقامات کے علاوہ پارکوں اور اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے۔آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران نے جمعتہ لمبارک کے موقع پر علاقائی مساجد کے دورے کئے اور نماز جمعہ کے بعد شہریوں کے مسائل سنے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ اسلام کی روح اور تعلیمات کے مطابق مساجد کو کمیونٹی سے رابطے کا موثر مرکز بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جاسکیں۔