لاہور (کرائم رپورٹر) صحت کے عالمی دن کے موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "صحت مند پنجاب" ویڑن کے تحت پولیس فورس اور ان کے اہل خانہ کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ترجیحی مشن ہے۔ صحت مند پولیس فورس ہی ملک و قوم کی موثر حفاظت اور جرائم پیشہ و ملک دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکتی ہے۔ پنجاب پولیس ملک کا واحد صوبائی ادارہ ہے جہاں اب تک 2 لاکھ 25 ہزار افسران و اہلکاروں کی ہیلتھ سکریننگ مکمل کی جا چکی ہے۔ پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو مفت اور رعایتی علاج کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ملک کے بہترین ہسپتالوں کے ساتھ معاہدے کیے گئے ہیں۔ رواں سال سنگین بیماریوں میں مبتلا اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کے علاج پر 05 کروڑ 17 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی ہے جبکہ ذہنی و جسمانی معذوری کا شکار بچوں کیلئے 2 کروڑ 67 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ”ہمارے پھول“ پراجیکٹ کے تحت اب تک سماعت سے محروم 44 بچوں کی مفت کوکلئیر امپلانٹ سرجریز مکمل کی جا چکی ہیں، جس پر 7 کروڑ 83 لاکھ روپے سے زائد اخراجات آئے۔ مزید برآں تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو ماہانہ 30 ہزار جبکہ سیریبرل پالسی کے شکار بچوں کو 20 ہزار روپے فی کس فراہم کیے جا رہے ہیں۔ دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے والے اہلکاروں کو علاج کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ گردوں اور جگر کے امراض میں مبتلا اہلکاروں کیلئے پی کے ایل آئی میں علاج کی بہترین سہولیات یقینی بنائی گئی ہیں۔ کینسر کے مریض اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو جدید کینسر کیئر ہسپتالوں میں علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پولیس ملازمین کی ہیپاٹائٹس بی ویکسینیشن اور ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کا علاج جاری ہے جبکہ اہلکاروں کی سائیکالوجیکل پروفائلنگ اور ذہنی صحت کی بحالی کیلئے بھی مو¿ثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ پولیس شہداءکے اہل خانہ کو سرکاری و نجی ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ہسپتالوں میں قائم پولیس خدمت کاﺅنٹرز شہریوں کو میڈیکو لیگل سرٹیفیکیٹ سمیت مختلف سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے مطابق پولیس فورس اور ان کے اہل خانہ کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے مشن کو مزید موثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔
صحت کا عالمی دن، پنجاب پولیس میں 2 لاکھ 25 ہزار اہلکاروں کی ہیلتھ سکریننگ


















