سولر انقلاب، عالمی کشیدگی کے باوجود پاکستان توانائی بحران سے محفوظ


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سی این این نے کہاہےسولر انقلاب کی وجہ سے عالمی کشیدگی کے باوجود پاکستان توانائی بحران سے محفوظ ہے،امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ایران جنگ ،حالیہ کشیدگی میں عالمی بحران سے تیل وگیس کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں تاہم اس کے باجود پاکستان واحد ملک ہے جو توانائی بحران سے محفوظ ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 2 سے 3 برسوں کے دوران پاکستان میں بڑے پیمانے پر سولر پینلز کی تنصیب کے نتیجے میں اندازاً 25 فیصد بجلی شمسی توانائی سے حاصل کی جارہی ہے، آبنائے ہرمز کے ذریعے توانائی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے اثرات بھی پاکستان پر انتہائی محدود رہے ہیں جس کی بنیادی وجہ متبادل توانائی ذرائع کا تیزی سے فروغ ہے،رپورٹ میں پاکستان میں شمسی توانائی کے پھیلاو کو ”خاموش انقلاب“ قرار دیتے ہوئے کہا گیا قابل تجدید توانائی میں اضافے کے باعث پاکستان نے 2020 کے بعد 12 ارب ڈالر سے زائد کی بچت کی ہے۔