لاہور (قاضی ندیم اقبال) ملک میں مذہبی سیاحت کا فروغ اوّلین ترجیح۔پاکستان اور بھارت کے مابین طے شدہ پروٹوکول کی روشنی میں پاکستانی ہائی کمشن نئی دہلی نے بھارت کی11 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 7 مختلف گروپس کے 2840 سکھ یاتریوں اور نانک نام لیواوں کو 10 روزہ پاکستان یاترا کا ویزہ جاری کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین طے شدہ پروٹوکول کے مطابق ویساکھی میلہ کیلئے نئی دہلی میں قائم پاکستانی ہائی کمشن ہر سال 3 ہزار سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کرنے کا پابند ہے۔ مودی سرکاری کی جانب سے گذشتہ سالوں کے دوران بھارتی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں، سکھ مذہب کے پیروکاروں، جین مت، کرسچن کمیونٹی کے ساتھ روا رکھے جانے والے بد ترین سلوک اور اقلیت کش پالیسیوں کے برعکس حکومت پاکستان نہ صرف اقلیت نواز پالیسیوں اپنائے ہوئے ہے، بلکہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی وساطت سے سال بھر مملکت خداداد کے دورے پر آنے والے ہندووں،سکھوں اور دیگر اقلیتوں کے وفود کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ دوسری جانب متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کی جانب سے مختلف اوقات میں پاکستان یاترا پر آنے والوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے بہترین سلوک کے مثبت اثرات بھی سامنے آرہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ رواں برس2026 میں بھی جن سکھ پیروکاروں اور نانک نام لیواوں نے ویساکھی میلہ 2026 کیلئے پاکستان یاترا کیلئے ویزہ اپلائی کیا۔ محکمہ داخلہ حکومت پاکستان کی جانب سے جاری ہدایات کی روشنی میں ملک میں مذہبی سیاحت کے فروغ کی پالیسی کے تناظر میں مثبت سوچ اپناتے ہوئے سبھی یاتریوں کو ویزے جاری کرنے کی ہدایت کر دی گئی جس پر نئی دہلی ہائی کمشن نے عملدرآمد کیا ہے اور قواعد و ضوابط پر پورا اتگنے والے 2840 سکھ یاتریوں /نانک نام لیواوں کو ویزے جاری کر دئیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق نئی دہلی سے تعلق رکھنے والے دہلی سکھ گورودوارہ مینجمنٹ کمیٹی اوراین ایس او آئی امرتسر سے تعلق رکھنے والی شرومنی گورودوارہ پربندھک کمیٹی، امرتسر سے تعلق رکھنے والے نانک صاحب سکھ یاتری جتھہ،امرتسر کے کار سیوا گورو کا باغ ،ترن تارن کے کھالرا مشن چھبال ،کھدور صاحب کے کار سیوا گروپ ،دہلی سے تعلق رکھنے والے شرومنی اکالی دل،ہریانہ سے تعلق رکھنے والے ایس جی پی سی،ہریانہ سے تعلق رکھنے والی شری سکھ منی صاحب سیوا سوسائٹی منڈی ڈبوالی،فیروز پور سے تعلق رکھنے والی بھائی مردانا سوسائٹی کو ،اتر پردیش کے یو پی سکھ پریتی نیدھی بورڈ لکھنوو ،اتر کھنڈ رودرا پور کی گورو دھام یاترا سوسائٹی ، امرتسر کے شرومنی اکالی دل کو جاری کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں قائم پاکستانی ہائی کشمن نے وزارت داخلہ حکومت پاکستان، متروکہ وق املاک بورڈ حکام سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو جاری کئے گئے ویزوں کی بابت تفصیلات ارسال کر دی ہیں۔جن میں شہر کا نام، گروپ کا نام، جاری کئے گئے ویزوں کی تعداد، ویزوں کے اپلائی کرنے سے لے کرجاری کئے گئے ویزوں کے حامل بھارتی شہریوں کے پاسپورٹس کو پاکستانی ہائی کمشن سے وصول کنندہ کے نام اور فون نمبرز بھی شامل ہیں۔
مذہبی سیاحت کا فروغ ، 2840 بھارتی سکھ یاتریوں کو 10 روزہ پاکستان یاترا کا ویزہ


















