خام تیل سستا،سٹاک مارکیٹس بلند ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع


کراچی،نیویارک،بیجنگ:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)جنگ تھمتے ہی عالمی سطح پر خام تیل کے نرخ نیچے،پاکستان سمیت سٹاک مارکیٹوں کی بلند پرواز،ملک میںپٹرولیم مصنوعات 100روپے لٹر تک سستی ہونے کا امکان ہے۔

طویل جنگ کا خطرہ ٹلنے پر بزنس کمیونٹی نے سکھ کا سانس لیا ،پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کا اختتام تاریخی سطح پر ہوا، کے ایس ای 100انڈیکس نے 3 نئے ریکارڈز بنادئیے،کاروباری ہفتے کے تیسرے روز آغاز پر ہی سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی،انڈیکس 12 ہزار سے زائد پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 64 ہزار 594 کی سطح پر جاپہنچا۔

بڑی تیزی کے بعد ٹریڈنگ کو ایک گھنٹے کیلئے روکنا پڑا،کاروبار بحال ہونے پر بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا ،اختتام پر پہلی بار ہنڈرڈ انڈیکس 14 ہزار 137 پوائنٹس اضافے کیساتھ ایک لاکھ 65 ہزار 811 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا،سرمایہ کاروں نے ایک ہی روز میں ہزار ارب سے زائد منافع کمایا۔

ادھر جنگ بندی اعلان کے بعد ایشیائی سٹاک مارکیٹوں میں بھی نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ،جاپان کے نکی انڈیکس 5 ،ہانگ کانگ سینگ 3 ،چینی شنگھائی کمپوزٹ 2 ،فلپائن کی سٹاک مارکیٹ میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،تھائی لینڈ کے سیٹ انڈیکس میں ڈیڑھ ،ملائیشیا کے فٹسی برسا انڈیکس میں ایک فیصد سے زائد بہتری دیکھی گئی۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخ تیزی سے نیچے آئے، برینٹ خام تیل کی قیمت 90 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ،عالمی سطح پر گیس کی قیمت میں بھی4 فیصد کمی سے 2.75 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو پر آگئی۔

دریں اثنا ذرائع پٹرولیم انڈسٹری کے مطابق ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے،پٹرول 55،ڈیزل95 سے 100 روپے لٹر تک سستا ہوسکتاہے،حتمی فیصلہ وزیراعظم کریںگے۔