محکمہ جیل خانہ جات ،قیدیوں کی اصلاح و بحالی کےلئے”صنعت زار “پروگرام متعارف

لاہور:(رپورٹ:مرزا ندیم بیگ ،تصاویر: میاں شاہنواز) محکمہ جیل خانہ جات پنجاب نے قیدیوں کی اصلاح و بحالی کےلئے”صنعت زار“ پروگرام کے تحت اہم قدم اٹھاتے ہوئے جیلوں میں قیدیوں کو مختلف ہنر سکھانے کا باقاعدہ آغاز کر دیا جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے،پروگرام کا مقصد قیدیوں اور حوالاتیوں کو باعزت روزگار کے قابل بنانا ، رہائی کے بعد معاشرے کا مفید شہری بنانا ہے۔

آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے” مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا صوبہ بھر کی مختلف جیلوں میں صنعت زار کے تحت درجنوں فنی کورسز کرائے جا رہے ہیں جن میں درزی، قالین بافی، بڑھئی گیری، الیکٹریشن، پلمبنگ، کمپیوٹر بیسڈ کورسز، دستکاری اور دیگر ہنر شامل ہیں، اب تک ہزاروں قیدی، حوالاتی تربیتی پروگرامز سے مستفید ہو چکے ہیں جبکہ ہر سال مزید قیدیوں کو کورسزمیں شامل کیا جا رہا ہے،پروگرام میں محکمہ جیل خانہ جات کو مختلف سرکاری و نجی اداروں کی معاونت بھی حاصل ہے۔

اداروں میں ٹیوٹا (TEVTA)، ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوشنز، سوشل ویلفیئر آرگنائزیشنز اور بعض این جی اوز شامل ہیں جو قیدیوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کر رہے ہیں،جیلوں میں قائم ڈسپلے سنٹرز پر قیدیوں کے تیار کردہ سامان کی نمائش اور فروخت بھی کی جاتی ہے جس سے حاصل ہونےوالی آمدن کو قیدیوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جاتا ہے، ذرائع کے مطابق آمدن سے قیدیوں کو مالی معاونت، اہل خانہ کی مدد، جیلوں میں سہولیات کی بہتری، اور مزید تربیتی پروگرامز کے اجرا پر اخراجات کئے جاتے ہیں۔

ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز میاں سالک جلال نے ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ”صنعت زار “پروگرام کا مقصد صرف سزا دینا نہیں بلکہ قیدیوں کی اصلاح اور انہیں معاشرے کا کارآمد فرد بنانا ہے، چاہتے ہیں رہائی کے بعد قیدی باعزت روزگار حاصل کریں اور دوبارہ جرم کی طرف نہ جائیں، پروگرام کو مزید وسعت دی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ قیدی مستفید ہو سکیں،مزید کئی ادارے نیک کام میں اپنا حصہ ڈالنے کےلئے موجود ہیں ایک مشہور ملٹی نیشنل کمپنی چلتن پیور جن کی 100سے زائد مختلف مصنوعات ہیں۔