شالامار، راوی، گنج بخش ٹاﺅن میں متعدد غیرقانونی کمرشل عمارتیں جزوی مسمار، سربمہر

لاہور(نوید چودھری) بغیر نقشہ منظوری اور خلاف ضابطہ تعمیرات کی وجہ سے بلدیہ عظمیٰ لاہور کے خزانے کو پہنچنے والے مالی نقصان پر قابو پانے کیلئے انتظامی سطح پر تیاری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جس کے تحت گزشتہ 2 روز کے دوران شالامار، راوی اور داتا گنج بخش زون کی حدود میں شامل علاقوں میں زیر تعمیر متعدد کمرشل بلڈنگز کو جزوی طور پر مسمار اور بعد ازاں سربمہر کر کے بڑی کارروائی کی گئی ہے جس کے بعد زونوں میں تعینات پلاننگ عملہ کی نیندیں اڑ کر رہ گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ زونوں میں تعینات پلاننگ عملہ بغیر نقشہ منظوری اور ضابطہ کے خلاف تعمیرات کو سہولت کاری فراہم کرکے بڑا مالی فائدہ حاصل کرنے میں ملوث پایا گیا ہے جس کی وجہ سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جوئے شیر لانے کے مترادف دکھائی دیتا رہا ہے۔ میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز حسن کی تعیناتی کے بعد تمام زونوں سے غیر قانونی تعمیرات کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے بعد ان کے خلاف مرحلہ وار آپریشن کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ متعدد زونوں میں اب تک درجنوں ایسی تعمیرات کو نشانہ بنایا گیا ہے جو غیر قانونی طور پر تعمیر ہو رہی ہیں۔ حیران کن امر یہ ہے کہ اب تک غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اتنی بڑی سطح پر کبھی آپریشن کیا ہی نہیں گیا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے ایم سی ایل کے خزانے کو ماہانہ کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا تھا جبکہ ماسٹر پلان کی تباہی کا سلسلہ الگ سے شروع تھا جس قابو پانے کیلئے اب تک کی حکمت عملی کا فی حد تک سود مند ثابت ہو رہی ہیں۔ اگر یہ سلسلہ ایسے ہی جاری رہا تو ماسٹر پلان کی تباہی کو بچانے کے ساتھ ریونیو کو بڑھانا قدرے ممکن ہو سکے گا۔