کراچی ایئرپورٹ ، مسافر سے 19 کروڑ کا سونا ، غیر ملکی کرنسی برآمد

کراچی (مشرق نیوز) پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 19 کروڑ مالیت کے سونے کے زیورات، گولڈ بارز اور غیر ملکی کرنسی سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کسٹمز حکام کے مطابق جمعرات کی صبح بیرون ملک سے آنے والے ایک مشکوک مسافر کو روکا گیا، جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اتحاد ایئرویز کی پرواز کے ذریعے ابوظہبی سے کراچی پہنچا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مسافر کے سامان کی سکیننگ کے بعد اسے مزید تلاشی کیلئے ریڈ چینل پر بھیجا گیا جہاں تفصیلی چیکنگ کے دوران سونے اور غیر ملکی کرنسی کی موجودگی سامنے آئی۔ تلاشی کے دوران مسافر کے سامان سے 22 قیراط کے 281 تولہ سونے کے زیورات، 24 قیراط کی 10، 10 تولہ وزنی 2 گولڈ بارز کے علاوہ 33 ہزار 100 امریکی ڈالر اور 3 لاکھ 66 ہزار درہم برآمد ہوئے۔

کسٹمز حکام نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تمام برآمد شدہ اشیا کو کسٹمز ایکٹ 1969 کی متعلقہ دفعات کے تحت ضبط کر لیا ہے۔