کے پی میں گورنر راج سے حالات خراب ، لیوی ختم نہ ہوئی بھرپور مارچ کرینگے، نعیم الرحمن


لاہور:(اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم جماعت اسلامی سے بات چیت کریں نہ کریں اس سے غرض نہیں، اپنے وعدے کے مطابق عوام کو ریلیف دیں، فی لیٹر پٹرول پر ایک سو 35روپے کی لیوی اور دیگر ٹیکسز ختم کیے جائیں۔ شہباز شریف کے پابند نہیں، مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو پہلے سے زیادہ قوت سے لانگ مارچ کا آغاز ہوجائے گا۔

منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خیبر پختونخواہ میں گورنر راج، ایمرجنسی لگانے کی گردش کرتی اطلاعات کی پرزور مذمت کی۔ انہوں نے صومالیہ میں بحری قذاقوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے تین پاکستانیوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ حکومت کی نااہلی سے یہ افسوسناک سانحہ رونما ہوا۔ نائب امیر لیاقت بلوچ، قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ اور ڈپٹی سیکرٹری رسل خان بابر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لیوی کے خلاف تحریک جاری ہے، وزیراعظم فوری طور پر لیوی کے خاتمہ کا اعلان کریں، ایسا نہ ہوا تو ملتان سے ہی زیادہ بھرپور لانگ مارچ شروع ہوجائے گا ، دستخطی مہم بھی جاری ہے، لیوی کے خلاف دوکروڑ سے زائد دستخط لیے جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف وطن پہنچ گئے ہیں، دیکھتے ہیں وہ کیا ریلیف دیتے ہیں، ٹال مٹول قبول نہیں کی جائے گی۔