پٹرولیم مصنوعات کی قیمت نہ بڑھاتے تو سپلائی معطل ہوجاتی،وفاقی وزرا


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وفاقی وزرا نے کہا ہے پٹرول مہنگا ہوگا یا نہیںفی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا ،جنگ کی وجہ سے ترسیلات زر متاثر ہو سکتی ہیں،فیول راشنگ سے بچنے کےلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو بڑھایا۔

سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں وزیرخزانہ نے بریفنگ دی وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات اور قیمتوں کی مانیٹرنگ کیلئے وزارتی کمیٹی بنائی، وزارتی کمیٹی کا اجلاس روزانہ کی بنیاد ہوتا ہے، خطے کی صورتحال لمحہ بہ لمحہ تبدیل ہوتی ہے،فوری فیصلے چاہئیں، پٹرولیم مصنوعات کی خریداری کا فوری فیصلہ کرنا ہوتا ہے، قطر نے جنگ کے باعث ہنگامی حالات کا اعلان کردیا ،قطر سے پاکستان کو ایل این جی کی درآمد رک گئی ، ایل این جی کا 25 ملین ڈالرز کا کارگو 100 ملین ڈالرز میں مل رہا ہے۔

وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا اعلان جمعہ کو کیا جائےگا، پٹرولیم مصنوعات کی اوسط قیمتوں کی بنیاد پر نئی قیمتوں کا تعین ہوگا ،فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا پٹرول مہنگا ہوگا یا نہیں،پٹرول کی راشنگ کرنے سے بہت نقصان کا خدشہ ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمت نہ بڑھاتے تو سپلائی معطل ہوجاتی، تیل کی امپورٹ میں 20 دن لگ رہے ہیں، قیمت نہ بڑھاتے تو کمپنیاں لاگت بڑھنے سے بزنس روک دیتیں، حکومت نے سپلائی چین برقرار رکھنے کیلئے درست فیصلہ کیا۔